چرچ کی املاک بیچنے پر سزائیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی ایک احتساب عدالت نے جمعرات کو سابق پادری سمیت آٹھ ملزمان کو مبینہ طور پر چرچ کی املاک جعلسازی سے فروخت کرنے کے الزام میں سات سال قید اور فی کس بیس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنآئی ہے۔ یہ سزا راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج منظور حسین ملک نے سنائی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو ایک ایک سال مزید قید بامشقت بھگتنا ہوگی۔ سابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کینٹونمینٹس عبدالنعیم خان، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ قاضی محمد نعیم، ملٹری سٹیٹ افسر محمد علی، ملٹری سٹیٹ آفس کے سابق ڈرافٹس مین محمد امین، سابق گروپ افسر عبدالحئی قمر، سابق رجسٹرار راجہ زاہد اور ڈسپیچ رائیڈر عبدالغفور بھی سزا پانے والوں میں شامل ہیں۔ راولپنڈی کے گکھڑ چرچ کے سابقہ پادری شریف عالم پر الزام تھا کہ انہوں نے ’ملٹری سٹیٹ آفس اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف ملٹری لینڈز کے سابقہ ملازمین کی ملی بھگت سے مال روڈ راولپنڈی پر واقع بنگلہ جعلی پاور آف اٹارنی یعنی مختار نامہ تیار کر کے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر فروخت کردیا۔ عدالت نے دو اور ملزمان چودھری محمد عباس اور نارووال چرچ کے سابقہ پادری فرینکس حیات کو مفرور قرار دیتے ہوئے عدالت میں پیش نہ ہونے کی بنا پر تین تین برس قید بامشقت کی سزا سنائی۔ مال روڈ راولپنڈی پر واقع بنگلہ نمبر 152 ، شمالی امریکہ کے یونائیٹیڈ پریس بائی ٹیرین چرچ کی ملکیت تھا۔ سن انیس سو آٹھ میں چرچ آف سکاٹ لییڈ کو یہ املاک لیز پر دی گئیں۔ اس چرچ نے سن انیس سو باسٹھ میں شمالی امریکہ کے چرچ کو املاک واپس کردیں اور اس کا اندراج ملٹری سٹیٹ آفس کے رجسٹر میں بھی کیا گیا۔ اس بنگلے میں سینٹ پال چرچ کے پادری کی رہائش تھی جو کہ پادری شریف عالم نے پچیس لاکھ روپوں میں چودھری محمد عباس کو سن انیس سو نوے میں جعلی عام مختار نامہ بنا کر فروخت کردی۔ باوجود اس کے کہ اسی سال انکم ٹیکس کی غرض سے اس بنگلے کی قیمت کا تخمینہ بہتر لاکھ روپے لگایا گیا۔ چودھری عباس نے یہ مکان بینا ریاض زوجہ ملک ریاض کو ایک کروڑ روپوں میں فروخت کردیا۔ پادری اور چودھری عباس نے ملٹری سٹیٹ افسر سے ملی بھگت کرنے کے بعد نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کرایا۔ اس بنیاد پر انہوں نے سب رجسٹرار کے دفتر میں معاہدہ فروخت کا اندراج کرایا اور لیز کے مالک شمالی امریکہ کے چرچ کے نام کی جگہ چودھری محمد عباس کا نام بطور لیزی درج کرادیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||