کورکمانڈر پر حملہ: ملزمان پر فردِ جرم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے جمعرات کو کراچی کے کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل احسن سلیم حیات پر دس جون کوہونے والے حملے میں ملوث جنداللہ تنظیم کے دس ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کر دی ہے۔ کلفٹن پل پر ہونے والے اس حملے میں دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فرد جرم میں ملزمان عطاالرحمن ،شہزاد باجوہ، دانش امام، یعقوب سعید خان،خرم سیف اللہ، عزیر احمد،نجیب اللہ، شہزاد مختار، راؤ خالد اور شعیب صدیقی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان ملزمان نے قتل کی سازش، اقدام قتل، دہشت گردی پھیلانے، سازش کرنے اور دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کا ارتکاب کیا۔ ملزمان نے اپنا جرم قبول کرنے سے انکار کیا۔ اب اس مقدمے کی سماعت چار اکتوبر کو ہو گی جس میں گواہان اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ اس مقدمے کی سماعت کراچی کی سینٹرل جیل میں ہو رہی ہے۔ جمعرات کو جب سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کے وکلا نے ایک درخواست دی جس میں کہا گیا تھا کہ پولیس نے اس کیس میں چالان مقررہ وقت سے دو ہفتے بعد پیش کیا۔تاہم جج فیروز محمود بھٹی نے ان کی درخواست رد کر دی۔ اس کیس میں چھ ملزمان سید عرفان شاہ،شہاب،قاسم،بلال،حماد اور سعید مفرور ہیں۔ فرد جرم کے بعد ملزمان نے عدالت سے شکایت کی کہ جیل میں انہیں مناسب سہولتیں نہیں دی جا رہیں جس کے بعد جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو عدالت میں بلا کر ہدایات جاری کیں کے ان ملزمان کو جیل مینؤل کے مطابق سہولتیں دی جائیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||