بزرگ سیاستدانوں کا مشرف کو مشورہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے بعض بزرگ سیاستدانوں نے صدر جنرل پرویز مشرف سے کہا ہے کہ وہ قوم سے کیے گئے وعدے کے مطابق فوجی وردی اکتیس دسمبر تک اتاردیں۔ ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کی سربراہی میں سنیچر کے روز ایک اجلاس ہوا جس میں الہٰی بخش سومرو، میاں محمد اظہر، وزیر احمد جوگیزئی، جسٹس ریٹائرڈ برہان الدین، نصرت علی شاہ اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اصغر خان اور دیگر نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف آرمی چیف کا عہدہ چھوڑ دیں اور قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اتنے زیادہ تعداد میں وزراء کابینہ میں لیے گئے ہیں جتنے محکمے بھی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ایک وزیر کی تنخواہ بیس چھوٹے ملازمین کے برابر ہے اور حکومت وزراء کے بجائے بے روزگاروں کو ملازمت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے لیکن اسلام آباد میں پارک اور بعض تعمیر شدہ یادگاروں کو توڑ کر دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ بزرگ سیاستدانوں نے مطالبہ کیا کہ فضول خرچی کے ایسے منصوبوں کی رقم بلوچستان سمیت ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں میں پینے کی پانی جیسی بنیادی سہولیات پر خرچ کرنی چاہیے جہاں لوگ زہریلا پانی پینے سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ’نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ، کے نام سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان سے کئی دیگر بزرگ سیاستدانوں نے بھی رابطے کیے ہیں جو پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم ہیں۔انہوں نے نئے پلیٹ فارم کو صوبائی سطح پر فعال کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||