اس بار بھی مشرف خطاب کرینگے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر جنرل پرویز مشرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے چھ روزہ دورے پر انیس ستمبر کو امریکہ روانہ ہورہے ہیں۔ پروگرام کے مطابق وہ بائیس ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ صدر پاکستان امریکہ میں قیام کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان، امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ سمیت دنیا کے مختلف رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق صدر جنرل پرویز مشرف امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب بھی کریں گے۔ وہ اکیس ستمبر کو نیویارک میں پاکستان کے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کی جانب سے منعقد کردہ ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ تئیس ستمبر کو وہ نیو یارک میں ہی’کونسل برائے خارجہ تعلقات، کے پروگرام میں اہم مقرر کے طور پر شریک ہوں گے جبکہ اس دن وہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل کونسل کے اجلاس کے موقع پر صدر پاکستان کی بھارتی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیاں جاری جامع مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے پیش رفت متوقع ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ماضی میں پاکستان کے وزراء اعظم نمائندگی کرتے رہے ہیں لیکن جب سے صدر جنرل پرویز مشرف نے اقتدار سنبھالا ہے وہ خود ہی خطاب کے لیے جاتے رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||