تھر پارکر میں چوتھا الیکشن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ کے ضلع تھرپار کر، کے قومی اسمبلی کے حلقہ 229 پر ضمنی انتخاب کرانے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔اس نشست پر دو سال سے بھی کم عرصے میں چوتھی بار انتخاب ہو رہا ہے۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی چھ سے آٹھ ستمبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں جبکہ پولنگ سات اکتوبر کو ہوگی۔ یہ نشست پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے گزشتہ ماہ ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد خالی کردی تھی۔ شوکت عزیز نے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 اور تھرپارکر کی نشست 229 سے ایک ساتھ ضمنی انتخاب میں حصہ لیا تھا اور دونوں نشستیں جیت لی تھیں۔ شوکت عزیز کے مقابلے میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے متفقہ امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن انہیں کئی ہزار ووٹوں سے حکمران مسلم لیگ کے امیدوار نے شکست دی تھی۔ حزب اختلاف نے ضمنی انتخابات میں شوکت عزیز پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔ تاہم حکومتی امیدوار نے ان الزامات کو سختی سے رد کردیا تھا۔ تھرپارکر کے قومی اسمبلی کے حلقہ 229 سے بارہ اکتوبر سن دو ہزار دو کو منعقد کردہ عام انتخابات میں ارباب غلام الرحیم جو اب صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ ہیں، کامیابی حاصل کی تھی، لیکن انہوں نے سندھ کی صوبائی اسمبلی کی نشست پاس رکھتے ہوئے یہ نشست چھوڑ دی تھی۔ گزشتہ سال کے ابتدا میں منعقد کردہ ضمنی انتخاب میں ارباب غلام الرحیم کے بھانجے ارباب ذکاءاللہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے اور جب شوکت عزیز کو رکن اسمبلی منتخب کرانے کا معاملہ آیا تو محفوظ نشست کے طور پر اس حلقے کا انتخاب کیا گیا۔ ارباب ذکاءاللہ مستعفی ہوئے اور گزشتہ ماہ کی اٹھارہ تاریخ کو ضمنی انتخاب میں شوکت عزیز ’بھاری اکثریت‘ سے کامیاب ہوئے۔انہوں نے اٹک کی نشست رکھی اور تھرپارکر کی چھوڑ دی۔ اب پھر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے نامزد کردہ امیدوار ہی بلا مقابلہ ہی کامیاب ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||