پاکستان: کابینہ آج حلف لے گی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں وفاقی کابینہ آج سہ پہر حلف لے رہی ہے۔ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف ایوان صدر میں وزیراعظم شوکت عزیز کی کابینہ سے حل لیں گے۔ حکمران پاکستان مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل سید مشاہد حسین نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ چار بجے حلف برداری کی تقریب ہور رہی ہے۔ ان کے مطابق کابینہ میں دو درجن کے لگ بھگ اراکین شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کابینہ کا پہلا مرحلا ہوگا جبکہ دوسرا مرحلے میں مملکتی وزراء جمعہ کو حلف اٹھائیں گے۔ اس ضمن میں جب تحلیل شدہ کابینہ کے وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک انہیں حلف کے لیے کسی نے اطلاع نہیں دی۔ مشاہد حسین کے مطابق داخلہ، پیٹرولیم اور پانی و بجلی سمیت بعض محکمے جن وزراء کے پاس پہلے تھے ضروری نہیں کہ انہیں وہ ہی وزارتیں دی جائیں۔ مسلم لیگی رہنما کے مطابق خفیہ ایجنسی’آئی ایس آئی، کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف قاضی، امان اللہ جدون، جسٹس ریٹائرڈ عبدالرزاق تھیم اور نثار میمن نئے وزراء کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ تاہم وہ کہہ رہے تھے کہ تاحال یہ طے نہیں ہوا کہ ان میں سے کون سے وفاقی اور کون سے مملکتی وزیر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ پاکستان میں یہ پہلی بار ہے کہ وزیراعظم کے حلف اٹھانے کے پانچ دن بعد وزراء حلف اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی وزیر خارجہ کے طور پر خورشید محمود قصوری کا نام سرکاری خبر رساں ایجنسی’اے پی پی، دیتی رہی ہے۔ کابینہ میں ردو بدل کے بعد حلف سے حکومتی حلقوں سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم شوکت عزیز با اختیار ہیں اور وہ مخلوط حکومت کے باوجود بھی وزراء کے محکمے تبدیل کرسکتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||