اٹک:’ بائیکاٹ نہیں کریں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز نے اعلان کیا ہے کہ اٹک میں ان کی جماعت کے تین کارکنوں کے قتل کے بعد بھی ضمنی انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے اور ڈر کر دست بردار ہوں گے نہ ہی بائیکاٹ کریں گے۔ یہ اعلان منگل کو پارٹی کے رہنماؤں راجہ پرویز اشرف اور ناہید خان نے ایک ہنگامی طور پر بلائی گئی اخباری کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیر کی شام فتح جنگ کے نزدیک قتل ہونے والے تینوں نوجوان کارکنان ملک بابر، عجب خان اور طاہر ان کی جماعت کے تھے اور اس کا فائدہ صدر جنرل پرویز مشرف، وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، ضمنی انتخاب میں حکومتی جماعت کے امیدوار شوکت عزیز اور ضلع اٹک کے ناظم طاہر صادق کو ہوا ہے لہٰذا ان سب کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اس موقع پر ان کے وکیل بابر اعوان بھی موجود تھے اور ان کا دعویٰ تھا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت مقتول کے ورثاء جس کسی کو بھی نامزد کریں مقدمہ ان کے خلاف درج کرنا لازم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تینوں کارکنان کے قتل کی ’ایف آئی آر، پولیس نے سر بمہر کردی ہے اور اس کی کاپی انہیں نہیں دی جا رہی۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ چیف الیکشن کمشنر ازخود کارروائی کرتے لیکن انہیں ان کی جماعت نے باضابطہ طور پر درخواست دی ہے اور اس پر بھی انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ناہید خان نے خود کو چشم دید گواہ کہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک بابر کو ضلع ناظم میجر ریٹائرڈ طاہر صادق ان کے ساتھیوں اور رشتہ داروں نے قتل کی دھمکیاں دی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ میجر طاہر وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے بہنوئی بھی ہیں۔ ناہید خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ان دھمکیوں کے بعد اٹک کے ضلعی پولیس سربراہ کو مطلع کیا گیا لیکن انہوں نے کچھ دیر بعد فون کر کے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سے کہا کہ انہوں نے ہدایات جاری کردی ہیں اور ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ ناہید خان کے مطابق پولیس افسر کی بات کے پندرہ منٹ بعد ضلع ناظم کا بیٹا اور بھتیجا اپنے حامیوں کے ہمراہ مسلح ہوکر آئے اور مقتولین کی گاڑی روک کر کلاشنکوف کے برسٹ چلائے۔ان کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ سے ملک بابر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ دیگر دو زخمی تھے اور وہ راولپنڈی کی ہسپتال لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ وہ ڈرنے والے نہیں اور اٹھارہ اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مکمل قوت اور دلچسپی سے حصہ لیں گے۔ انہوں نے دھمکی آمیز انداز میں خبردار کیا کہ اگر نامزد قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا اور ضلع ناظم کا بیٹا اور بھتیجا کو فوری طور پر گرفتار نہیں کیا گیا تو حالات کی خرابی کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||