پاکستان کا وزیر اعظم کون ؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے موجودہ وزیراعظم تو چودھری شجاعت حسین ہیں لیکن یوم آزادی کے موقع پر حکومت کی جانب سے بیرون ملک شائع کرائے گئے ایک ضمیمہ میں ملک کا وزیراعظم شوکت عزیز کو قرار دیا گیا ہے۔ یہ ضمیمہ بنگلہ دیش سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار’نیو نیشن، میں چودہ اگست کو شائع کیا گیا ہے۔ جس میں پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر شوکت عزیز کا نام بمعہ تصویرشائع کرایا گیا ہے۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے پاس اس اخبار کی کاپی موجود ہے۔ حکومت ہر سال یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور بعض بیرون ممالک کے اخبارات میں خصوصی ضمیمہ شائع کراتی ہے۔
حکمران جماعت نے مستقبل کے لیے شوکت عزیز کو وزیراعظم کے طور پر نامزد کر رکھا ہے لیکن اس کے لیے انہیں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونا ہے کیونکہ پاکستان میں قانون کے مطابق ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کا رکن ہی وزیراعظم بن سکتا ہے۔ شوکت عزیز کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرانے کے لیے حکمران جماعت مسلم لیگ کے دو اراکین نے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے حلقہ 59 اور صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے قومی اسمبلی کے حلقہ 229 سے مستعفی ہوکر نشستیں خالی کی تھیں۔ دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ اٹھارہ اگست کو ہونی ہے۔ دونوں حلقوں سے حکمران جماعت کے امیدوار شوکت عزیز کے مد مقابل حزب اختلاف کے متفقہ امیدواروں کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیریز سے ہے۔ حزب اختلاف کے امیدوار ڈاکٹر مہیش ملانی تھرپارکر جبکہ ڈاکٹر سکندر حیات اٹک سے سرکاری امیدوار کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ بنگلادیش کے اس اخبار کے خصوصی اشاعت کے صفحے کے سب سے اوپر پاکستان کے پرچم کی تصویر ہے اور لکھا ہوا ہے کہ ’57th Anniversary of the Independence of Pakistan، ۔ صفحے کے ایک جانب صدر جنرل پرویز مشرف کی فوجی وردی میں تصویر ہے جبکہ دوسری جانب شوکت عزیز کی تصویر ہے جس کے نیچے کیپشن میں انگریزی میں لکھا ہوا ہے کہ ’اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز،۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||