ملتان میں شدید بارشیں، چار ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شہر ملتان اوراس کے مضافات میں اتوار کی شدید بارش کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ چاروں متاثرین بارش کے بعد بجلی کا جھٹکا لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مقامی دفتر نے بارش کی شدت اڑتالیس ملی میٹر ریکارڈ کی ہے۔ بارش دوپہر کے وقت شروع ہوئی اور تین گھنٹے تک مسلسل جاری رہی۔ مُوسلا دھار بارش سے شہر کی گلیاں اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں ۔ بعض علاقوں میں تو ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے سیلاب آگیا ہو۔ ہلاک ہونے والوں میں سے تین کی شناخت ہو پائی تھی۔ ان میں پھل فروش محمد رمضان شہر کے تغلق روڈ پر اُس وقت ہلاک ہوا جب بارش کے پیشِ نظر اپنی دُکان کی ترپال سے بنی چھت کو درست کرتے ہوئے اُس نے اُوپر سے گزرنے والی بجلی کی تار کو چھو لیا ۔ محمد یونس معصوم شاہ روڈ سے پیدل گزرتے ہوئے بجلی کے ایک کھنبے سے جالگے اور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔ اجی بیگم نامی تیس سالہ خاتون نے شہر کے حرم گیٹ میں واقع اپنے گھر میں کام کاج کے دوران پانی کے نل کو چھوا تو اُس میں کرنٹ دوڑ رہا تھا جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ اب تک شناخت نہ ہونے والا سولہ سالہ نوجوان بارش کے دوران حسین آگہی بازار سے گزر رہا تھا کے ایک بند دوکان کے تالے پر پاؤں جا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ دکان میں بجلی کا ایک تار ٹوٹ کر لوہے کے بند گیٹ سے جا لگا تھا۔ شدید بارش سے معصوم شاہ روڈ پر واقع ایک شادی گھر کی چھت کا کچھ حصہ نیچے آگرا جس سے وہاڑی سے آئی ہوئی ایک بارات کے دس کے قریب شرکاء زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو نشتر ہسپتال اور سول ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||