’اسلام آباد خاصا تبدیل ہوچکا ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے تہتر سالہ بزرگ وزیر خارجہ نٹور سنگھ کو اسلام آباد کا ماحول بہت پسند آگیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ شہر کی کشادہ سڑکوں اور سبزہ زاری میں اضافہ ہوگیا ہے۔ منگل کے روز جنوبی ایشیا کی علاقائی تنظیم سارک کے وزراء خارجہ کی کونسل کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کے بعد جب وہ باہر آئے تو صحافیوں نے انہیں گھیرنے کی کوشش کی اور وہ خود کو بچاتے ہوئے بھی سوالات کی بوچھاڑ سے نہ بچ سکے۔ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہ سارک کے رکن ممالک کی قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تنازعات ختم کریں اور خطے میں خوشحالی کے لیے کردار ادا کریں۔ نٹور سنگھ کے بقول چودہ برس قبل جب وہ وزیراعظم راجیو گاندھی کے ہمراہ اسلام آباد آئے تھے تو اسلام آباد خاصا مختلف تھا اور ’اب اسلام آباد خاصا تبدیل ہو چکا ہے‘۔ بھارتی وزیر خارجہ دو طرفہ امور پر سوالات کو ٹالتے رہے، انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کے متعلق صرف اتنا کہا کہ ’ معاملات آگے بڑھ رہے ہیں اور دیکھیں کہ چیزیں رفتہ رفتہ کیسے کھلتی ہیں‘۔ نٹور سنگھ کے ہمراہ پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ شہریار خان بھی کھڑے تھے جن کے متعلق وہ کہہ رہے تھے کہ وہ ان کے اچھے دوست ہیں۔ یاد رہے کہ نٹور سنگھ سفارتکار کی حیثیت سے بھی پاکستان میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی دوستی دونوں ممالک کے تعلقات بہتر کرنے میں مدد دے گی؟ اس پر ان کا جواب تھا’ بالکل یہ ہی وجہ ہے کہ یہاں ماحول بہتر ہے‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||