جعلی پاسپورٹ بنانے والا گروہ گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گوجرانوالہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف ائی اے) نے چار افراد کو جعلی پاسپورٹ اور ویزے بنانے کے الزام میں گرفتار کرکے عدالت سے انکا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ گوجرانولہ میں پاسپورٹ سرکل ایف ائی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تین ملزم پچیس سے تیس سال عمر کے ہیں جن میں امجد بٹ، رانا ذوالفقار علی اور مرتضے شامل ہیں اور ایک ملزم اکیس سالہ دلاور علی ہے۔ان سب کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ لوگ شہر میں پاسپورٹ آفس کے قریب ہی ایک پلازا میں کام کرتے تھے اور ان سے پندرہ جعلی پاسپورٹ اور مختلف سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی جعلی مہریں اور ویزا اسٹکرز برآمد ہوئے ہیں۔ ان سے شناختی کارڈ بنانے اور پاسپورٹ بنانے میں استعمال ہونے والا مواد اور مشینیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق ان سے ایسے پرانے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوۓ جن پر نام پتہ درج نہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ایف ائی اے نے ان سے ایک خفیہ ایجنٹ کے ذریعے جعلی شناختی کارڈ اور جعلی پاسپورٹ بنوایا اور اس کے بعد تیرہ جولائی کو چھاپہ مار کر گرفتارکیا۔ انھوں نے کہا کہ ان سب کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات چار سو بیس، چار سو اکہتر اور چار سو اڑسٹھ کے علاوہ پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ چ کے تحت مقدمہ درج کرکے میجسٹریٹ محمد اجمل سے ان کا اکیس جولائی تک کا جسمانی ریمانڈ لے لیاگیاہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||