وانا: فوج سے جھڑپ میں تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے وانا کے شمال میں ایک فوجی کیمپ پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔ پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے حملے کی تصدیق کی البتہ شہریوں کی ہلاکت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تازہ حملہ جمعہ کی رات آٹھ بجے کے قریب جنوبی وزیرستان میں تیارزہ میں ایک سکاوٹس کمیپ پر ہوا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے دس کے قریب مارٹر اور راکٹ داغے جو سب کے سب اپنے ہدف سے دور ویرانے میں گرے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جواب میں حملہ آوروں کے پہاڑی ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی۔ ان کا کہنا ہے اس سے ایک گولہ ایک مقامی شخص کے زیر تعمیر مکان میں خیمہ زن مزدوروں پر گرا۔ اس سے تین مزدور موقعے پر ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر وانا کے ہسپتال میں پہنچا دیا گیا۔ تاہم بعد میں انہیں ڈیر اسماعیل خان میں ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی مزدور دولت خان جبکہ باقی دو کا تعلق صوبہ سرحد میں لاچی کے مقام سے بتایا جاتا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں جہاں پاکستان فوج القاعدہ کے مشتبہ ارکان کے خلاف مصروف ہے اس قسم کے حملے وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ البتہ حکام ان سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں کم ہی لب کشائی کرتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||