قرآن مجید کا سب سے وزنی بڑا نسخہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شہرت کے شوق میں پاکستان کے شہر گوجرانوالہ کے رہائشی حاجی جاوید اقبال کھوکھر ارآن کا نو ٹن وزنی اسٹیل کے اوراق والا نسخہ تیار کر رہے ہیں جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا اور وزنی قرآن ہوگا۔ اس قرآن کو رکھنے کے لیے تین ٹن وزنی اسٹینڈ ہوگا جس کے ساتھ قرآن کے اس نسخے کا مجموعی وزن بارہ ٹن ہوگا۔ بی بی سی ارود ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے حاجی جاوید کھوکھر نے بتایا کہ اب تک وہ سولہ پارے مکمل کر چکے ہیں جبکہ باقی چودہ پارے مکمل کرنے کے لیے انہیں ڈیڑھ سال مزید درکار ہوگا۔ ان کے مطابق جو قرآن وہ بنا رہے ہیں وہ دو سو بیس وولٹ کی بجلی سے چلے گا اور مکمل ڈیجیٹل ہوگا۔ ان کے مطابق ہر صفحہ دو دو منٹ بعد خود بخود پلٹتا رہے گا، کوئی آیت یا پارہ پڑھنے کے لیے کمپیوٹر میں ’سرچ‘ کی طرز کی سہولت کے ساتھ سننے کے لیے آڈیو کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس قرآن کی تیاری سن انیس سو ستانوے میں شروع کی تھی اور اس وقت لاگت کا اندازہ پچاسی لاکھ روپے لگایا گیا تھا جو اب بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ سرجیکل کی ڈائیاں بنانے کا کاروبار کرنے والے حاجی جاوید کھوکھر کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں جو ان کے بقول تعلیم حاصل کرنے اور ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد ان کا ہاتھ بٹاتے ہیں اور اس کام کے لیے وہ کسی مزدور وغیرہ کو شامل نہیں کرتے۔ جب ان سے دریافت کیا کہ وہ رقم کہاں سے لاتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں جب نمائش کے لیے وہ قرآن رکھتے ہیں تو انہیں دیکھنے والے کچھ رقم دیتے ہیں اور کئی نجی کمپنیاں بھی انہیں رقم دیتی ہیں جبکہ حکومت پنجاب نے بھی اس منصوبے کے لیے انہیں ایک لاکھ روپے دے رکھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس قرآن کی تکمیل کے بعد سعودی عرب میں واقع مسجد نبوی کو بطور تحفہ پیش کیا جائے گا اور یہ تحفہ آئندہ رمضان المبارک سے بھی اگلے رمضان میں پیش کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف اسپانسر کرنے والی کمپنیوں کے تعاون سے وہ دنیا کا سب سے بڑا تالا اور فرشی پنکھا بنا چکے ہیں جس بنا پر ان کا نام ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز‘ میں شامل ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق سال دو ہزار تین کی نسبت سے دو ہزار تین کلوگرام وزنی تالا بنایا تھا جس میں چابی کا وزن ایک سو بیس کلوگرام تھا۔ فرشی پنکھے کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ وہ پینتالیس فٹ اونچا اور سینتیس سو کلوگرام وزنی تھا۔ پنکھے کی جالی اٹھائیس فٹ جبکہ پروں کی لمبائی تیرہ اور چوڑائی آٹھ فٹ تھی۔ حاجی جاوید اقبال نے بتایا کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا موبائیل فون سیٹ بھی ایک کمپنی کے تعاون سے بنا رہے ہیں جس کا وزن سات سو کلوگرام ہوگا۔ ان کی خواہش ہے کہ ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز‘ میں زیادہ سے زیادہ بار ان کا نام شامل ہو تاکہ وہ بھی ایک ریکارڈ بن جائے اور ان کے ساتھ ساتھ ان کے ملک پاکستان کا بھی دنیا میں نام روشن ہو۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||