پہلا نجی پشتو چینل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں پشتو زبان کے پہلے سیٹلائٹ ٹیلیوژن چینل نے آج (جمعرات) سے آزمائشی نشریات شروع کر دی ہیں۔ خیبر ٹی وی نامی اس چینل کی ابتدائی طور پر بارہ گھنٹے کی نشریات خبروں، حالات حاضرہ، تفریحی اور تعلیمی پروگراموں پر مشتمل ہوں گی۔ قومی زبان اردو میں بے شمار ٹی وی چینلز کے آغاز کے بعد اب پاکستان میں علاقائی زبانوں پر بھی توجہ دی جانے لگی ہے۔ سندھی کے بعد اب نجی شعبے میں پشتو کے اس پہلے چینل نے آج شام سے اپنی آزمائشی نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایشیا سیٹ سیٹلائٹ کے ذریعے اس کے پروگرام پاکستان، افغانستان، خلیجی ممالک اور مشرق وسطی کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں دیکھے جا سکیں گے۔ اسلام آباد میں مقیم ایشین ویشن ٹیلیوژن پرائیویٹ کمپنی نے یہ چینل شروع کیا ہے جس کا مقصد بقول ان کے تقریباً ستر ملین پشتو بولنے والوں کو ایک آواز دینا ہے۔ خیبر ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو جواد حامد راجہ کا بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پشتونوں کی دنیا بھر میں ایک بہت بڑی تعداد ہے جنہیں تفریح مہیا کرنا ان کا مقصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس زبان کے فروغ کے علاوہ اس کی اہمیت کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ چینل پر دیکھائی جانے والے پروگراموں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں انفوٹینمنٹ، تفریح اور حالات حاضرہ کے پروگرام ہوں گے۔ ’ہر گھنٹے خبروں کے علاوہ خاص بلٹن رات نو بجے ہوگا جبکہ دیگر پروگراموں میں ڈرامے، موسیقی اور سٹیج شو ہونگے۔‘ تجربہ کار منجھے ہوئے اداکار فردوس جمال اس چینل کے پروگراموں کی نگرانی کریں گے۔ جواد حامد سے پوچھا کہ زبان کے علاوہ یہ چینل دیگر چینلوں سے کسی طرح مختلف ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے صحیح معنوں میں عوام کی توقعات کے مطابق بنانا چاہتے ہیں۔ ’یہ انٹرایکٹو چینل ہوگا جس میں جو لوگ دیکھنا چاہیے انہیں مہیا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پشتو زبان کا نام لیتے ہی پشتو فلموں کا خیال ذہن میں آتا ہے لیکن اس نئے چینل کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اس زبان اور اس کی ثقافت کے متعلق غلط تاثر کو دور کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔ چینل کے آغاز پر پشتونوں نے کافی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ علاقائی نہیں ایک بین القوامی چینل ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||