فیکٹری کی دیوار منہدم، پانچ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے ضلع پاکپتن کی ایک کاٹن فیکٹری میں کام کرنے والے پانچ مزدور اچانک دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے گیارہ بجے پاکپتن شہر سے پانچ کلومیٹر دُور جمال چوک میں واقع کاٹن فیکٹری میں پیش آیا ۔ فیکٹری آج کل سیزن نہ ہونے کی وجہ سے بند ہے اور ان دنوں فیکٹری کے اندر مکئی کی فصل کو سٹور کیا ہوا ہے۔ گرنے والی 50 فٹ چوڑی دیوار بظاہر تو بڑی مضبوط تھی لیکن مکئی کی فصل کے زیادہ مقدار میں ذخیرہ ہونے کی وجہ سے یہ دیوار اچانک گر گئی ۔ حادثے کے بعد وہاں موجود دیگر لوگوں اور مزدورں نے فوری طور پر اینٹوں کو ہٹا کرہلاک سدگان اور زخمی ہونے والے افراد کو نکالا۔ تفصیلات کے مطابق میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور زرعی پرزہ جات جوڑ کر کاٹن فیکٹری میں موجود مکئی کےایک گودام کی دیوار کے سائے میں بیٹھے آرام کر رہے تھے کہ گودام کی بوسیدہ دیوار اچانک ان کے اوپر آگری جس کے نتیجہ میں لیاقت علی ۔ محمد شفیع ۔ امجد علی ۔ بابا مقصود اور وارث علی موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دیگرچار شدید زخمی ہیں۔ ان میں سے محمد انور اور محمد انیس کوانتہائی نازک صورتحال کی بناء پر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا ہے دیگر زخمیوں کو پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس تھانہ فرید نگر نے واقعہ کو اتفاقیہ قرار دیتے ہوئے اس کی رپورٹ درج کر لی ہے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||