الزامات جھوٹے ہیں: بینظیر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے سوِئٹزرلینڈ میں ایک مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی تردید کی ہے۔ بے نظیر بھٹو نے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہونے کے بعد کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی عدالتی نظام کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس انکوائری کا خیر مقدم کرتی ہیں کیونکہ اس سے ان کو اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی وضاحت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انکوائری میں مدد کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئی ہیں۔ بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کو بھی اس کارروائی کے سلسلے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا تھا لیکن انہوں نے طبی وجوہات کی بنیاد پر معذرت کر لی تھی۔ اس سے قبل اگست سن دو ہزار تین میں سوٹزرلینڈ میں ایک تحقیقاتی مجسٹریٹ نے سابق وزیر اعظم اور ان کے شوہر کے خلاف کالے دھن کو سفید کرنے کا الزام لگاتے ہوئے چھ ماہ کی معطل سزا اور پچاس ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ سوِس مجسٹریٹ کے اس حکم کے خلاف بے نظیر بھٹو اور ان کے شوہر نے سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی جنرل کے پاس اپیل کی تھی جس پر اٹارنی جنرل از سر نو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||