’استعفٰی نہیں دیا: جمالی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ تو استعفیٰ دیا ہے نہ ہی کسی نے مانگا ہے۔ جمعہ کی شب وزیراعظم ہاؤس میں اراکین اسمبلی کے اعزاز میں بجٹ منظور ہونے کی خوشی میں دیئے گئے عشائیہ کے موقعہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ملک کا چیف ایگزیکیٹو کوئی بات کر رہا ہو تو اس پر یقین کر لینا چاہیئے۔ وزیراعظم کہہ رہے تھے کہ جب ایک بات واضح کردی گئی ہے کہ کوئی تبدیلی نہیں آرہی اس کے بعد بھی اخبارات میں بیٹھے ہوئے ذمہ دار لوگ پتہ نہیں کیوں تبدیلی کی خبریں شایع کر رہے ہیں؟ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی حکومت کو کون غیر مستحکم کر رہا ہے تو جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی بھی نہیں۔ تاہم انہوں نہ کہا کہ سازشیں کرنے والوں کو اللہ ہدایت دے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں صدر نے ان سے ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے انہیں تاثر ملے کہ انہیں ہٹایا جا رہا ہے۔ صبح کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کرنے کی تردید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان سے کوئی نہیں ملا اور سویرے وہ ناشتہ کر کے اسمبلی اجلاس میں چلے گئے تھے۔ کابینہ میں توسیع کے بارے میں وزیراعظم نے بتایا کہ ناموں کی فہرست پر چودھری شجاعت سے ان کی مشاورت ہورہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت نہ کرکے اچھا نہیں کیا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ سیاست میں وہ وعدوں پر عمل کے قائل ہیں اگر مجلس عمل یقین نہیں رکھتی تو یہ درست بات نہیں۔ اس سے قبل جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں اعتزاز احسن اور قاضی حسین احمد سمیت بعض اراکین نے جمالی کے ہٹائے جانے کی افواہوں کا معاملہ اٹھایا اور الزام لگایا کہ جنرل مشرف سیاسی غیر یقینی کی کیفیت کے ذمہ دار ہیں۔ ان کی باتوں پر حکومتی بینچوں سے کسی نے اس کی وضاحت نہیں کی باوجود اس کے کہ بیشتر وزراء موجود تھے۔ اس ضمن میں جب وزیراطلاعات شیخ رشید احمد سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم کی تبدیلی کی افواہوں کی وضاحت کیوں نہیں کی جا رہی؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی کہے گا تو وہ بولیں گے اور خود سے وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ وزیراعظم کی تبدیلی کی خبریں ہوں یا کارٹون، آئے دن اخبارات میں نمایاں طور پر شایع ہو رہے ہیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||