کراچی گینگ وار: چار ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے علاقے لیاری میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رحمان ڈکیت اور بابوڈکیت گروپ کے درمیان گزشتہ چند روز سے جاری تنازعے نے آج شدت اختیار کر لی۔ دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا آزادانہ تبادلہ ہوتا رہا جس میں جدید اسلحہ کا استعمال کیا گیا ۔ آج ہلاک ہونے والوں میں بابو ڈکیت گروپ کا سربراہ اقبال عرف بابو ڈکیت بھی شامل ہے۔ ان گروپوں کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منشیات کا کاروبار کرتے ہیں اور ان میں علاقے پر قبضے کے لیے اکثر جھگڑا رہتا ہے۔ لیاری کے علاقے میں واقع کلاکوٹ تھانے کے انچارج ملک صفدر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران ان گروپوں کے پندرہ کارندے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ اس عرصے میں پولیس کیا کرتی رہی تو انھوں نے کہا کہ چند روز قبل ان کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نعیم کو ہلاک کر دیا گیا جسے جی تھری رائفل کی گولیاں لگی تھی۔ ملک صفدر نے کہا کہ ان علاقوں میں پولیس کے لیے کام کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ان گروپوں کے پاس جدید اسلحہ ہے اور علاقے میں بے شمار تنگ و تاریک گلیاں اور عمارتیں ہیں جہاں سے یہ لوگ ایک دوسرے پر اور پولیس پر فائرنگ کرتے ہیں۔ ملک صفدر نے بتایا کہ پولیس کو بھاری تعداد میں تعینات کر دیا گیا ہے اور بکتر بند گاڑیوں میں گشت جاری ہے۔ علاقے میں فی الحال خاموشی ہے تاہم سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس سے حاصل کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق پچھلے ایک برس کے دوران لیاری میں مختلف گروہوں کے درمیان مسلح جھگڑوں کے نتیجے میں اب تک تقریبا پچاس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||