کوچ کے ساتھ ٹرینر بھی نیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے28 سالہ مرے اسٹیونسن کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹرینر مقرر کیا ہے ۔ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاویدمیانداد کی جگہ کوچ مقرر کئے جانے والے باب وولمر کے مشورے پر جنوبی افریقہ کے اینڈی گرے کو ٹرینر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن گرے نے فوری طور پر پاکستانی ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد اب مرے اسٹیونسن کو یہ ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو رمیز راجہ کے مطابق اسٹیونسن اپنے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں انہوں نے جلد ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے فیزیوتھراپسٹ کی تقرری کی خبر بھی سنائی ہے جو غیرملکی ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے باب وولمر کے علاوہ اپنی کرکٹ اکیڈمی کے لئے جنوبی افریقہ کے بیری رچرڈز ، آسٹریلیا کے گریگ چیپل اور ڈیرل فوسٹر کی خِدمات حاصل کی ہیں جس کا مقصد پاکستان کرکٹ کو کوچنگ کے جدید خطوط پر استوار کرنا بتایا گیا ہے ۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے انتظامی سیٹ اپ میں بھی تبدیلیاں لارہا ہے جس کی ایک مثال جنرل منیجر میڈیا سمیع الحسن کا استعفی ہے ان کی جگہ مبشرہ نگہت باجوہ کو منیجر میڈیا کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||