’جمالی اکیلے نہیں جائیں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے وزیراعظم ظفراللہ جمالی کی حمایت اور صدر پرویز مشرف کو انتباہ کرتے ہوۓ کہا ہے کہ موجودہ سیاسی نظام کو چلنا چاہیے اور اگر جمالی کو ہٹایا گیا تو پھر صدر مشرف بھی جائیں گے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ مشرف اسی طرح جائیں گے جس طرح بے نطیر بھٹو کے ساتھ فاروق لغاری اور نوازشریف کے ساتھ غلام اسحاق خان رخصت کردیے گۓ تھے۔ لاہور میں منصورہ میں جماعت اسلامی کی پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوۓ قاضی حسین احمد نے کہا کہ اکتیس دسمبر سن دو ہزار چار سے پہلے صدر مشرف وردی اتاردیں ورنہ متحدہ مجلس عمل ان کے خلاف زبردست تحریک چلاۓ گی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ”مشرف پہلے ہی آئین توڑ چکے ہیں اور اب دوبارہ آئین توڑنے سے باز رہیں۔ اگر وہ غیر آئینی طور پر اقتدار میں رہنے پر اصرار کریں گے تو ہم ان کے خلاف زبردست تحریک چلائیں گے اور جب ہم تحریک چلاتے ہیں تو پھر کوئی حکومت ٹھہر نہیں سکتی۔” وانا آپریشن کا ذکر کرتے ہوۓ قاضی حیسن احمد نے کہا کہ قبائل سے معاہدہ ہوگیا تھا لیکن امریکہ نے اسے قبول نہیں کیا جس کی وجہ سے حالات بگڑ گۓ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||