جمالی کا واجپئی کو تعریفی خط | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی نے بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کو خط لکھ کر امن کے قیام کے لئے ان کی ذاتی کوششوں کو سراہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان کے مطابق خط میں وزیراعظم جمالی نے امید ظاہر کی ہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطے قائم رکھنے اور انہیں خوشگوار بنانے کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ خط میں پاکستانی وزیراعظم نے توقع ظاہر کی ہے کہ واجپئی دونوں ممالک کے درمیان اختلافات اور تنازعات کو حل کرنے کے لئے مدد بھی جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں اسلام آباد میں منعقد کردہ سارک سربراہی اجلاس میں شرکت کے موقعہ پر بھارت کے اس وقت کے وزیراعظم واجپئی نے صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات میں کشمیر سمیت تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے طے کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ یاد رہے کہ بھارت میں کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستانی وزیراعظم نے بھارت کے نئے وزیراعظم من موہن سنگھ سے فون پر بات بھی کی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ جبکہ بھارت کے وزیر خارجہ کنور نٹور سنگھ نے جمعرات کے روز پاکستانی ھم عصر سے بھی فون پر بات کی تھی۔ صدر جنرل مشرف نے بھی بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ ، حکمران جماعت کی صدر سونیا گاندھی اور واجپئی کو فون کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||