بلوچستان ہائی کورٹ میں دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان ہائی کورٹ کے سائیکل سٹینڈ میں ایک زبردست دھماکہ ہوا ہے جس میں کم سے کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ صبح گیارہ بجے کے لگ بھگ ہوا ہے جس وقت ہائی کورٹ میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ یہ بم ایک سائیکل کے ساتھ بندھا ہوا تھا جو کو ئی نامعلوم شخص ہائی کورٹ کے سٹینڈ میں کھڑی کرکے چلا گیا تھا۔ سول ہسپتال کوئٹہ میں موجود ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ تین زخمی لائے گئے ہیں جن میں سے دو کو مرہم پٹی کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کو وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے جہاں انھیں مزید طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے تاکہ مزید اگر کوئی بم کہیں ہوں تو ان کے نقصان سے بچا جا سکے۔ ماضی میں ایک کے بعد دوسرے دھماکوں کی روایت کوئٹہ میں پائی جاتی ہے۔ہائی کورٹ کے قریب بچوں کے سکول، بلوچستان اسمبلی اور سرینا ہوٹل واقع ہیں۔ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت بچے سکولوں میں تھے اور اسمبلی کا اجلاس جاری تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ رات ریلوے سٹیشن کے ریزرویشن بلاک کے قریب پل کے نیچے ایک بم دھماکہ ہوا تھا لیکن کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تین روز قبل سوئی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے دو راتوں تک مسلسل درجنوں راکٹ فائر کیے تھے جو فرنٹیئر کور یعنی نیم فوجی دستوں کے کیمپوں کے قریب گرے ہیں۔ لیکن کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ سوموار کے روز گوادر میں ایک کار بم دھماکے میں تین چینی انجینیئر ہلاک اور دو پاکستانیوں سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||