بےنظیر بھٹو جلد وطن لوٹیں گی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی چئرپرسن بے نظیر بھٹو جلد وطن لوٹیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ اپنا سوٹ کیس تیار کرکے بیٹھی ہیں اور جب ان کی جماعت فیصلہ دے گی وہ پاکستان آجائیں گی۔ یہ بات پیپلز پارٹی پنجاب کے عہدیداروں کے لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد پنجاب اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنماء قاسم ضیاء نے ایک پریس بریفنگ میں بتائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنما رانا آفتاب اور بے نظیر کی پولیٹکل سیکرٹری ناھید خان بھی موجود تھیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سربراہ قاسم ضیا نے کہا کہ وہ میاں شہباز شریف کو ان کی وطن واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری واپسی کے لیے کسی سے دوڑ نہیں لگی ہوئی ہے۔ بے نظیر کی واپسی کے فیصلہ کا اختیار پارٹی کے پاس ہے اور جب پارٹی چاہے گی وہ پاکستان میں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی واپسی سے پیپلز پارٹی کی مقبولیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مبصرین کے مطابق پاکستان کے سیاسی حلقوں میں اس دنوں مسلم لیگ نواز کے جلاوطن صدر میاں شہباز شریف کی واپسی کا معاملہ شدت سے زیر بحث ہے اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے چئیرمین مخدوم امین فہیم پہلے ہی ایک نجی ٹیلی ویژن نیوز چینل کو انٹرویو میں یہ بات کہ چکے ہیں کہ شہباز شریف کی واپسی کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے مطابق بے نظیر کی واپسی کا فیصلہ کیا جاۓگا۔ اے آر ڈی کے اعلان کے مطابق پیپلز پارٹی بھی شہباز شریف کے استقبال میں شریک ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||