پاکستان اور بھارت کے اہلکاروں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ وہ اگلے مہینے اسلام آباد میں جوہری معاملات کے حوالے سے اعتماد کی بحالی کے لئے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ بدھ کو بھارت کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اس نے اس ماہ کے اوائل میں پاکستان کی طرف سے پچیس اور چھبیس مئی کو مذاکرات شروع کرنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوگیا ہے کہ دونوں ممالک کے حکام منشیات کی روک تھام کے لئے پندرہ اور سولہ جون کو مذاکرات کریں گے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بھارت چاہتا ہے کہ اسے پاکستان کی طرف سے بریفنگ دی جائے جس میں بتایا جائے کہ پاکستان نے سائنس دانوں کے سکینڈل کے بعد جوہری سکیورٹی کو محفوظ بنانے کے لئے کیا اقدامات کیے ہیں۔ |