گیس پائپ لائن میں دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان اور سندھ کی سرحدی پٹی پر ایک گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پائپ لائن گیس کے دباؤ کی وجہ سے پھٹی ہے جبکہ بعض آزاد ذرائع نے بتایا ہے کہ ائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے۔ یہ واقعہ سوموار رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔ جیکب آباد سے ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آگ کے شعلے کافی فاصلے سے بھی نظر آرہے ہیں۔ متعلقہ عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پایا لیا گیا ہے۔ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ سوئی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ سوئی سے شکارپور جانے والی گیس پائپ لائن پر ہوا ہے جس کے بعد اس پائپ لائن سے گیس کی ترسیل روک دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس علاقے میں گیس پائپ لائن کے پھٹنے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ صوبہ بلوچستان اور سندھ کی اس سرحدی پٹی پر مختلف قبائل آباد ہیں۔ پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد نے بھی ان علاقوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ان افراد کے خلاف آپریشن بھی کیے گئے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو اب تک کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ بلوچستان کی جانب سے فرنٹیئر کور اور پولیس چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ سندھ حکومت نے بھی اس علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا گشت بڑھایا ہے۔ اس علاقے میں بارودی سرنگوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ کچھ سرنگوں کے پھٹنے سے جانی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||