شدت پسندوں کو سزائے موت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی ایک عدالت نے تین اسلامی شدت پسندوں کو ایک مشنری سکول پر حملے کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔ مری کرسچن سکول پر حملے کے دوران شدت پسندوں نے چھ پاکستانی گارڈز کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ عیسائی مشنری اسکول اسلام آباد سے پچیس میل دور مری شہر کے قریب چھیکا گلی میں واقعہ ہے اور اس میں حملے کے وقت غیر ملکی امدادی تنظیموں کے اہکاروں کے تقریباً ایک سو پچاس بچے زیرِ تعلیم تھے۔ یہاں زیرتعلیم بیشتر بچے مغرب سے آئے ہوئے عیسائی مبلغین کی اولاد ہیں۔ سکول کے گارڈز نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا جس دوران بچوں اور اساتذہ نے خود کو کمروں میں مقفل کر لیا تھا۔ اساتذہ یا بچوں میں سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج صفدر حسین ملک نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیف ارحمٰن، ابوبکر اور عطااللہ پر چھ الزامات ثابت ہو جانے کے باعث انہیں سزائے موت سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر تین افراد کو ملزمان کی مدد کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے ان چھ مجرموں پر ایک لاکھ روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا ہے اور ان کا تعلق ممنوعہ شدت پسند اسلامی تنظیم جیش محمد سے بتایا گیا ہے۔ جیش محمد روایتی طور پر بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سب سے زیادہ سرگرم تنظیموں میں شمار کی جاتی ہے۔ سکول پر حملہ کرنے والے افراد میں شامل چار دیگر افراد ایک روز بعد جائے وقوعہ کے شمال مشرق میں کئی کلومیٹر دور، نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جنگل کے راستے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آوروں نے خود کو اس وقت دھماکے سے اڑا لیا جب ان کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا اور فرار کی کوئی راہ نہ بچی۔ جج صفدر حسین ملک نے راولپنڈی میں واقع ایک جیل میں بنائی گئی عارضی عدالت میں ان افراد کو بدھ کے روز مجرم قرار دے دیا۔ سیف الرحمٰن اور ابوبکر پر پانچ ماہ قبل اسلام آباد کے ڈپلومیٹک اینکلیو میں واقع چرچ پر خودکش حملہ کرنے کی فرد جرم بھی عائد کی گئی تھی۔ اس حملے میں ایک سفارتکار کی اہلیہ، ان کی نوجوان سوتیلی بیٹی اور عبادت کی غرض سے آئے ہوئے دو دیگر افراد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ تاہم بعد میں کی گئی قانونی کارروائی میں ضروری ثبوت نہ ہونے کے سبب دونوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||