BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 15 March, 2004, 14:54 GMT 19:54 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
جرگہ کا حکم، سات افراد ہلاک

جرگہ
قبائلی اپنی روایات کے تحت ماضی میں بھی ایسا کرتے رہے ہیں
پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں مقامی قبائلی روایات کے تحت ایک جرگہ کے حکم پر سات افراد کو اتوار کے روز گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ان افراد پر اغوا برائے تاوان اور قتل کے الزامات بتائے جاتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان آٹھ افراد کو اتوار کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایف آر کرم کے علاقے سے مغویوں سے بھری ہوئی ایک گاڑی اورکزئی ایجنسی لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق یہ گروہ قبائلی علاقوں کی انتظامیہ کے علاوہ پشاور اور کوہاٹ پولیس کو بھی مختلف واقعات میں مطلوب تھے۔

اورکزئی ایجنسی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گروہ اغواشدگان کو ایجنسی کے ماموزئی علاقے لایا لیکن وہاں ان کے دو قیدیوں نے چیخنا چلانا شروع کردیا جس پر قریبی قبائلی ان کی مدد کو پہنچے۔ ان قبائلیوں نے اس گروہ کا تعاقب کیا اور گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔ اس گولیوں کے تبادلے میں ایک عورت اور ایک بچے کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

گرفتار افراد کو، جن میں تین افغان بھی بتائے جاتے ہیں، موقع پر جرگے کے سامنے پیش کیا گیا جس نے انہیں سزائے موت سنائی۔ اس سزا پر عمل درآمد بھی فورًا کیا گیا اور انہیں ایک لشکر کے سامنے پیش کیا گیا جس نے انہیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

ماموزئی کا یہ پہاڑی علاقہ کافی دور کرم ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے۔

مقامی انتظامیہ کا موقف ہے کہ ان قبائلیوں کو وہاں رائج صدیوں پرانے قبائلی نظام کے تحت ایسی کارروائی کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے۔ قبائلی اپنی روایات کے تحت ماضی میں بھی ایسا کرتے رہے ہیں۔

انسانی حقوق کی بعض تنظیمیں ماضی میں اس طرح کے ’فوری انصاف‘ پر تنقید کرتی رہی ہیں کہ اس میں ملزمان کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع فراہم نہیں کیا جاتا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد