اہم شخصیات کومیچ دیکھنے کی دعوت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاک بھارت کرکٹ کی مقناطیسی کشش نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے وہاں سیاست کے ایوانوں میں بھی اس کی بازگشت سنی جارہی ہے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی سمیت ممتاز سیاسی شخصیات کو پاک بھارت سیریز دیکھنے کی دعوت دی جارہی ہے ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیونیکیشن اور رابطہ کمیٹی کے چیئرمین راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی، نائب وزیراعظم ایل کے ایڈوانی اور کانگریسی لیڈر سونیا گاندھی کو پاک بھارت سیریز دیکھنے کی دعوت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ان تینوں شخصیات کو باضابطہ دعوت نامے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگ موہن ڈالمیا آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد نیوزی لینڈ سے وطن واپسی پر دینگے۔ راجیو شکلا کا یہ بھی کہنا ہے کہ راہول گاندھی پریانکا اور ان کے شوہر رابرٹ وادھرا نے پاک بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کی بھارتی کرکٹ بورڈ کی دعوت قبول کرلی ہے وہ کراچی یا راولپنڈی کا میچ دیکھیں گے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا گیا ہے۔ ایک بھارتی اخبار نے شیوسینا کے لیڈر بال ٹھاکرے کا نام بھی مہمانوں میں شامل کیا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔ شیوسینا پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کی مخالف رہی ہےاور اس کے کارکنوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت کے موقع پر دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کی پچ کھود دی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے ابھی تک کسی سیاسی شخصیات کے پاکستان آنے کے بارے میں علم نہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو رمیض راجہ سے جب بھارتی وزیراعظم سمیت ممتاز سیاسی رہنماؤں کے پاکستان آنے کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو سابق بھارتی کرکٹرز کے پاکستان آنے کے بارے میں پوچھا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ دونوں حکومتوں کی سطح پر ان رہنماؤں کے پاکستان آنے کے سلسلے میں بات ہورہی ہو جس کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو آنے والے چند دنوں میں مطلع کردیا جائے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||