BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 08 March, 2004, 00:47 GMT 05:47 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اعجاز حسین بٹالوی انتقال کرگئے

مرحوم اعجاز حسین بٹالوی
مرحوم اعجاز حسین بٹالوی بی بی سی کی اردو سروس سے بھی منسلک رہے
پاکستان کے معروف قانون دان اور فوجداری مقدمات کے ماہر بیرسٹر اعجاز حسین بٹالوی لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر اسی برس تھی اور وہ تین سال سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔

اتوار کی رات پونے گیارہ بجے شادمان میں اپنی رہائش گاہ پر ہی تھے کہ ان کی طبعیت اچانک مزید بگڑ گئی اور ہسپتال لے جانے سے قبل ہی وہ وفات پاگئے ۔

ان کے ورثاء کے مطابق منگل کی دوپہر ان کی رہائش گاہ تہتر اے شادمان ٹو سے ان کا جنازہ اٹھایا جاۓگا ۔

مرحوم اعجاز حسین بٹالوی پچاس برس سے وکالت کے پیشے سے منسلک تھے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں وہ وکیل استغاثہ تھے۔ اس قتل کیس میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔ جبکہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف طیارہ ہائی جیک کیس میں وہ وکیل صفائی تھے۔

اعجاز بٹالوی دوستوں کے ہمراہ
مرحوم اعجاز حسین بٹالوی، آغا شاہی اور الطاف گوہر کے ہمراہ

پچاس کی دہائی کے شروع میں وہ قانون کی تعلیم کے حصول کے لیے برطانیہ چلے گئے اس دوران اعجاز بٹالوی بی بی سی کی اردو سروس سے بھی منسلک رہے۔

برطانیہ جانے سے قبل انہوں نے ریڈیو پاکستان اور آل انڈیا ریڈیو کے لیے بھی کچھ عرصہ کام کیا تھا۔

انیس سو چھپن میں وہ پاکستان لوٹ آۓ اور وکالت کرنے لگے ۔انہیں اپنے پیشے سے جنون کی حد تک لگاؤ تھا ۔

اعجاز بٹالوی کے صاحبزادے سلمان حسین بٹالوی نے بتایا کہ سابق صدر جنرل ضیا کے دور میں انہیں تین بار ہائی کورٹ کے جج کے عہدے کی پیشکش ہوئی جبکہ انہیں مجلس شوریٰ میں بھی لیے جانے کی کوششیں کی جاتی رہیں ، انہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کا بھی کہا گیا لیکن انہوں نے صرف اس لیے یہ تمام پیشکشیں مسترد کر دیں کہ وہ صرف اور صرف وکالت کرنا چاہتے تھے۔

ان کے ترکہ میں پندرہ بیس افسانے،مختصر کہانیاں اور چند نظمیں بھی شامل ہیں جو مختلف ادوار میں ادبی رسائل و جرائد میں شائع ہوتی رہیں ۔

ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد