BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 07 March, 2004, 09:05 GMT 14:05 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پشاور: قدیم فصیل کے لئے احتجاج

پشاور کی فصیل
پشاور کی قدیم فصیل کی توڑ پھوڑ
صوبہ سرحد کے تاریخی دارالحکومت پشاور میں شہر کی قدیم فصیل بچانے کے لئے پہلی بار احتجاج ہوا ہے۔

مقامی لوگوں کے احتجاج کی وجہ سے ایک سرکاری عمارت کے لئے راستہ بنانے کی خاطر صدیوں پرانی دیوار توڑنے کا عمل حکام نے عارضی طور پر روک دیا ہے۔ البتہ حکام کا کہنا ہے کہ توڑی جانے والی دیوار پرانی نہیں۔

پاکستان کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک پشاور اپنی ماضی کی کئی اہم نشانیوں سے اب تک حکام کی غفلت کی وجہ سے ہاتھ دھو چکا ہے۔

انگریزوں نے شہر کی بڑی فصیل کو بڑی اینٹ سے دوبارہ تعمیر کیا تھا۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کا نوے فیصد حصہ کاروباری مفادات کی نظر ہوچکا ہے۔ جو باقی بچی ہے وہ بھی اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو خدشہ ہے جلد صرف تصاویر کی حد تک رہ جائے گی۔

شہر کے یکہ توت علاقے میں محکمہ اوقاف کی ایک نئی تعمیر شدہ عمارت کے لئے راستہ نکالنے کی خاطر اتوار کی صبح اس دیوار کا ایک حصہ گرانے کی کوشش کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔ وہ محکمہ اوقاف کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔

احتجاج کرنے والوں میں پیش پیش ایک مقامی شہری اکبر خان سے اس کی وجہ دریافت کی تو ان کا اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کہنا تھا کہ اگر کوئی عام شہری فصیل توڑے تو اس کے خلاف پولیس سخت رپورٹ درج کرتی ہے لیکن اب حکومت یہ دیوار توڑ رہی ہے تو سب چُپ ہیں۔

انہوں نے کہا ’یا تو سب کو اجازت ہو کہ وہ جہاں سے چاہیں اسے توڑ دیں یا کسی کو بھی اجازت نہ ہو۔ قانون سب کے لئے ایک ہونا چاہیے‘۔

محکمہ اوقاف کے ایک اہلکار ثنا اللہ کا موقف تھا کہ توڑی جانے والی دیوار قدیمی نہیں بلکہ نئی دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ’یہ پہلے ٹوٹ چکی تھی اب دوبارہ بنائی گئی ہے اسی کو ہم توڑ رہے تھے‘۔

مقامی ناظمین نے فی الحال اس دیوار کو توڑنے کے عمل کو رکوا دیا ہے۔ ناظم ملک نُور رحمان کا کہنا تھا کے اب اس کا فیصلہ علاقے کے تمام منتخب نمائندے بات چیت کے ذریعے کریں گے۔

ماہرین کے خیال میں دیوار کو بچانے میں بہت دیر ہوچکی ہے لیکن پھر بھی دیر آید درست آید کی مانند کسی کو تو اس فصیل کے باقی ماندہ حصوں کو بچانے کا خیال آیا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد