| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بارودی سرنگوں کے دھماکے
بلوچستان کے علاقے کوہلو کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے فرنٹیئر کور کا ایک سپاہی ہلاک اور کیپٹن سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر تین بارودی سرنگیں کے پھٹنے کے واقعات ہوئے تھے اور ان میں تین افراد زخمی ہوئے تھے۔ کوہلو سے کچھ فاصلے پر کہان کے قریب فرنٹیئر کور کی مہمند رائفلز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک ایک سپاہی راستے میں بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا اور ایک سپاہی ناصر ہلاک ہو گیا۔ اس دھماکے میں کیپٹن محسن جاوید، صوبیدار سجاول، صوبیدار حصار، نائب صوبیدار ابراھیم اور سپاہی قمر زخمی ہوئے ہیں۔ صوبیدار سجاول کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ کوہلو کے ناظم نصیب اللہ مری نے واقعے کو دہشت گردی کی واردات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس وقت کوہلو کے علاقے میں فرنٹیئر کور کے لگ بھگ تین ہزار اہلکار تعینات ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ امن و امان کا مسئلہ پورے صوبہ بھر میں ہے اس لیے اس طرح کے واقعات یہاں بھی رونما ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز صوبہ سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر پٹ فیڈر کے علاقے میں تین بارودی سرنگیں پھٹنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ ہیں یہ بارودی سرنگیں عام راستے میں بچھائی گئی تھیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||