| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی مرغی پابندیاں، پریشانیاں
پاکستان میں سرکاری طور پر برڈ فلو وائرس کی تصدیق کے بعد جہاں ایک طرف جاپان نے پاکستان سے مرغی کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے وہیں دوسری جانب پاکستانی پولٹری صنعت دیکھتے ہی دیکھتے بحران کا شکار ہو گئی۔ جاپان اس سے قبل ویت نام ،تھائی لینڈ ،کمبو ڈیا ،انڈونیشیا،تائیوان اور جنوبی کوریا سے مرغی کی درامد پر پابندیاں لگا چکا ہے۔جہاں ایک مختلف برڈ فلو وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کراچی میں برڈ فلو کی خبریں عام ہونے کے بعد مرغی فروشوں کی ہزاروں دوکانیں گاہکوں سے محروم ہو گئیں۔ برائلر مرغی کی قیمت میں تقریباً چالیس فیصد کمی کے باوجود برائلر یا لیئر مرغی خریدنے کی جانب مائل نہیں ہو رہے۔ مصروف بازار امپریس مارکیٹ صرف دیسی مرغیاں فروخت ہو رہی ہیں جنکے صحت مند ہونے پر سب کو اعتماد ہے لیکن گزشتہ دنوں میں ان مرغیوں کی قیمت بھی ایک سو بیس روپیے فی کلو گرام تک جا پہنچی ہے۔ ایمپریس مارکیٹ میں راجہ پولٹری فارم کے محمد رفیق کا کہنا ہے کہ مرغی کے خریدار بے سبب ہیجان کی زد میں ہیں پولٹری ایسوسی ایشن عوام کو سمجھا رہی ہے کہ برڈ فلو سے صرف لیئر مرغیاں متاثر ہوئی ہیں برائلر نہیں کراچی ہول سیلز پولٹری ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری کمال اختر صدیقی نے بتایا کہ متاثرہ مرغیوں کے خون کا ٹیسٹ پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد کی لیبارٹریوں میں بھی کرایا گیااور رپورٹیں بتا رہی ہیں کہ یہ وہ خطرناک وائرس نہیں ہے جس نے جنوب مشرقی ایشیا میں تباہی مچائی ہے۔ اس مسلۓ کے حل کے لۓ پولٹری ایسو سی ایشن کے عہدیداروں نے پاکستان میڈ یکل ایسو سی ایشن کے افسران سے بھی ملاقات کی تاہم انہوں نے کسی واضح ثبوت کے بغیر مرغیوں اور انڈوں کے استعمال کا اجازت نامہ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||