| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمالی کے بیٹے پر قبضے کا الزام
ٹھٹہ کی ضلعی اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ساحلی تحصیل میرپور ساکرو میں بعض بااثر افراد کی کسانوں کے ساتھ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور انہیں زمینوں سے بے دخل اور محروم ہونے سے بچایا جائے- ضلع کونسل کا اجلاس ضلعی نائب ناظم شوکت حسین ملکانی کی صدارت میں جمعہ کے روز منعقد ہوا- اس موقع پرحکومت کے اتحادی ضلع ناظم شفقت شاہ شیرازی بھی موجود تھے- یونین کونسل میرپور ساکرو کے ناظم اور ضلع کونسل ٹھٹہ کے رکن عبدالغنی گبول نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی کے صاحبزادے فریداللہ جمالی اپنے دو دوستوں غنی رند اور حسن بروہی کے ساتھ مل کر میرپور ساکرو تحصیل کے ہاریوں کو تنگ کر رہے ہیں- قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فرید اللہ جمالی اور ان کے ساتھیوں نےعلاقے کے مختلف دیہات میں تقریبا دس ہزار ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا ہے- انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملہ کی تحقیقات کرائی جائے اور ہاریوں کا تحفظ کیا جائے- ایوان نے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے ہاریوں کے ساتھ زیادتیوں کی مذمت کی- اس موقع پر ضلع ناظم سید شفقت شاہ شیرازی نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوآرڈیشن آفیسر (ڈی سی او ) کو ہدایت کی کہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کرائی جائے اور رپورٹ ضلع اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے- اس زمین کے بارے میں غنی رند کا کہنا ہے کہ یہ زمین ان کے آباؤ اجداد کی ہے- تاہم قرارداد پیش کرنے والے رکن نے ان کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریونیو ریکارڈ واضح طور پر بتاتا ہے کہ زمین ایک عرصے سے ہاریوں کی ملکیت ہے- دوسری جانب وفاقی حکومت کے شعبہ اطلاعات حیدرآباد کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کے بیٹے فرید جمالی کی جانب سے ضلع ٹھٹہ میں زمین پر قبضے سے متعلق اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے- اور کہا کہ یہ محض الزام تراشی ہے- گزشتہ ہفتے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے ٹھٹہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے بیٹے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس ساحلی ضلع میں زمینوں پر قبضہ کرنے کے مرتکب ہو رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جمالی کے لئے روجھان جمالی کی زمینیں کافی ہیں لہذا ٹھٹھہ کی زمینیں سندھ کے غریب ہاریوں کے لئے چھوڑ دی جائیں- واضح رہے کہ ٹھٹہ ضلع اسمبلی میں شیرازی گروپ کو بھاری اکثریت ہے اور ضلع ناظم شفقت شاہ صوبائی حکومت کے اتحادی ہیں- ناظم کے بھائی وزیراعلی سندھ کے مشیر ہیں جب کہ نائب ناظم شوکت حسین ملکانی کے قریبی رشتہ دار محمد عثمان ملکانی صوبائی وزیر معدنیات ہیں- |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||