| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسلحہ اور بم برآمد
کراچی میں پولیس اور خفیہ اداروں نے ایک چھاپے میں اسلحہ اور دھاکہ خیز مواد کی بڑی تعداد برآمد کی ہے۔ یہ چھاپہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات کراچی کے علاقے محمود آباد کے ایک گھر پر مارا گیا۔ کراچی پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز طارق جمیل نے بتایا کہ یہ چھاپہ سنیچر کو گرفتار ہونے والے لشکر طیبہ کے ایک مشتبہ کارکن شمیم احمد سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ شمیم احمد عرف شمی پولیس کے مطلوب ملزمان میں سر فہرست تھے۔ ان کے بارہے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اس کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی میں بم اور دھماکہ خیز مواد کے ماہر تھے۔ شمیم احمد کوجمعرات کو کراچی میں پاکستان بائبل سوسائٹی کے دفاتر کےسامنے ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم سے تفتیش کے بعد پولیس اور دیگر اداروں نے محمود آباد کے جونیجو ٹاؤن کے ایک گھر کا پتا لگا کر چھاپا مارا۔ گھر پر کوئی موجود نہیں تھا اور تالا لگا ہوا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ گھر میں سے اسلحہ اور بموں کی بڑی تعداد کے علاوہ ریموٹ کنٹرول اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے۔ کئی بم کھلونوں یا کتابوں کی شکل میں بھی تھے۔ پولیس اور حفاظتی اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی تھی اور بم ناکاروہ کرنے والے ادارے کے ماہرین کو بلوالیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||