| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک اور ہوائی ڈرامہ
مسلم لیگ کی رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے الزام لگایا ہے کہ ہفتے کو لاہور سے اسلام آباد آنے والی پرواز کو حکومت نے ’ہائی جیک‘ کر لیا تاکہ وہ اور دیگر کئی حزب اختلاف کے ارکان پارلیمان کے اجلاس میں شرکت کے لیے نہ پہنچ سکیں۔ بی بی سی اردو سروس سے بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پی آیی اے کی پرواز سے جسے صبح سات ساڑھے سات بجے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونا تھا اسلام آباد آ رہی تھیں۔ لیکن روانگی میں تھوڑی تاخیر ہوئی اور جہاز آٹھ بجے لاہور ائیر پورٹ سے روانہ ہوا۔ جب یہ پرواز اسلام آباد پہنچی تو پہلے مسافروں کو اتارنے کے لئے سیڑھیاں لگائی گئیں لیکن جہاز کا دروازہ نہیں کھولا گیا اور مسافروں کو بتایا گیا کہ کوئی وی آئی پی موومنٹ ہے دروازہ ابھی نہیں کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے سلسلے میں کوئی پینتالیس منٹ ہوگئے۔ یہ سوچ کر کے اتنی دیر میں تو مشترکہ اجلاس ختم ہوجائے گا تو انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا اور دورازہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کاک پٹ کے پاس جاکر بھی شور مچاتی رہیں، مگر نہ انہوں نے کاک پٹ کا دروازہ کھولا اور نہ ہی دوسرے دروازہ کھولے۔ تھوڑی دیر میں جہاز نے حرکت کرنا شروع کر دی۔ جن مسافروں نے پوچھا کہ انھیں کہاں لے جایا جا رہا ہے تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ پھر ذرا دور جا کر جہاز روک دیا گیا۔ پھر تھوڑی دیر بعد اعلان کیا گیا کہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں ہم پرواز کرنے والے ہیں۔ پہلے تو منزل کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا مگر آدھے رستے میں بتایا گیا کہ جہاز کو پشاور لے جایا جا رہا ہے۔ پشاور لے جا کر مسافروں کو گن پوائنٹ پر اتارا گیا اور ایک کمرے میں بٹھا دیا گیا اور جب تک جنرل مشرف کی تقریر جاری رہی مسافروں کو وہیں بٹھائے رکھا گیا۔ تقریر ختم کرنے کے بعد مسافروں کو ایک بار پھر جہاز میں ڈال کر اسلام آباد لے جایا گیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||