| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
فحش سائٹس بلاک کرنے کا معاہدہ
پاکستان نے انٹر نیٹ پر دستیاب فحش یا غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی کمپنی سے معاہدہ کر لیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن لیمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے بین الاقوامی انٹر نیٹ ٹرانزٹ پرووائڈر ’ فلیگ ٹیلی کام‘ سے معادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سائبر نظام پر موجود تمام غیر اخلاقی ویب سائٹس کو بلاک کر دے۔ دس ماہ قبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کی ہدایت پر پی ٹی سی ایل نے اپنے انٹر نیٹ ایکسچینج کے ذریعے مقامی سطح پر قابل اعتراض ویب سائٹ کو بلاک کرنا شروع کیا تھا۔ فروری دو ہزار تین سے اب تک تین ہزار معروف غیر اخلاقی سائٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ پاکستان میں دس لاکھ سے زیادہ افراد باقاعدگی سے انٹر نیٹ استعمال کرتے ہیں اور پی ٹی سی ایل کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ان میں نصف سے زیادہ لوگ فحش یا غیر اخلاقی ویب سائٹس پر جاتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اب بھی انٹر نیٹ استعمال کرنے والے ایک چوتھائی سے زیادہ افراد ایسی ویب سائٹس پر جانے کی کوشش کرتے ہیں جن کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ تین ہزار سے زیادہ قابل اعتراض ویب سائٹس کو پاکستان میں بلاک کرنے کے باوجود اب بھی ہزاروں ایسی ویب سائٹس موجود ہیں جہاں قابل اعتراض مواد ، تصاویر یا فلمیں دستیاب ہیں۔ مغربی ممالک میں ہر روز ایسی درجنوں نئی ویب سائٹس منظر عام پر آ جاتی ہیں جہاں فحش یا غیر اخلاقی مواد، مفت یا ماہانہ فیس کے عوض دستیاب ہوتا ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد گھریلو کمپیوٹرز یا انٹر نیٹ کیفے کے ذریعے ایسی ویب سائٹس کو وزٹ کرتی ہے۔ پی ٹی سی ایل کو توقع ہے کہ نئے معاہدے کے بعد تمام اہم اور قابل اعتراض ویب سائٹس کو مکمل طور پر بلاک کیا جاسکے گا۔ تاہم پاکستان کے بڑے شہروں میں انٹر نیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ غیر اخلاقی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے اس تکنیکی اقدام سے ملک میں انٹر نیٹ سروس بری طرح متاثر ہو گی اور انٹر نیٹ براوزنگ کی رفتار بے حد سست ہو جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||