| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمالی: یوم تشکر منانے کی اپیل
وزیر اعظم جمالی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کش حملے میں صدرمشرف کی جانے بچ جانے پر جمعہ کے روز یوم تشکر منائے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیر اعظم میر ظفراللہ جمالی نے کہا کہ حکومت کبھی بھی دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکے گی بلکہ صدر مشرف پر حملے میں ملوث ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس نازک مرحلے پر متحد رہے اور ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا حکومت سے ساتھ مل کر ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم جمالی نے صدر مشرف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ دریں اثنا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حملے سے متعلق تازہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جو گاڑیاں حملے میں استعمال کی گئیں ان میں تیس تیس کلوگرام دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔ پولیس حکام کے مطابق انہیں اس بات کی قطعی امید نہیں تھی کہ دہشت گرد اسی جگہ کا انتخاب کریں گے جہاں چند روز پہلے ایک اور حملے میں صدر مشرف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||