| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریل رابطے پندرہ جنوری سے بحال
پاکستان اور ہندوستان پندرہ جنوری سے دونوں ملکوں کے درمیان مسافر اور مال بردار گاڑی کی سہولت بحال کرنے کے لیے رضامند ہو گئے ہیں۔ یہ سہولتیں دسمبر 2001 میں ہندوستانی پارلیمان پر حملے کے بعد یکم جنوری 2002 کو معطل کر دی گئی تھیں۔ جمعہ کے روز معاہدہ پاکستانی اور ہندوستانی ریلوے کے اہلکاروں کے درمیان مذاکرات کے بعد دہلی میں طے پایا۔ پاکستان کا ایک چار رکنی وفد مذاکرات کے لیے دہلی آیا ہوا ہے۔ پاکستانی وفد کے سربراہ اقبال کھتری نے صحافیوں کو بتایا کہ ’دونوں ممالک نے ریل کے رابطے پندرہ جنوری سے بحال کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ ریل کی بحالی کے علاوہ ہم نے اس کی تکنیکی اور آپریشنل پہلووں پر غور کیا ہے جس میں نظام الاوقات، کرائے کا ڈھانچہ، اور گاڑی میں مسافروں اور سامان کی گنجائش شامل ہے‘۔ ریل کے رابطے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد بحال کرنے کئی اقدامات کے بعد بحال ہو رہے ہیں جس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائر بندی بھی شامل ہے۔ ہندوستانی وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپئی سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||