| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے لئے پی آئی اے کی پروازیں
دو سال کے تعطل کے بعد پاکستان حکومت کی انٹرنیشنل ائیر لائینز (پی آئی اے) جنوری سے ہندوستان کے دو شہروں کے لیے ہر ہفتہ چھ پروازیں شروع کررہی ہے۔ پی آئی اے کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اگلے سال مارچ میں پی آئی اے کی ہندوستان کے لیے پروازوں کی تعداد چھ سے بڑھا کر بارہ کردی جائے گی اور پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والے دو نۓ بوئنگ سات سو ستتر جہاز اس مقصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ پی آئی اے کے اہلکار کے مطابق شروع میں پی آئی اے ہر ہفتہ لاہور سے دہلی، کراچی سے دہلی اور کراچی سے بمبئی کے لیے اے تین سو دس اور ائیر بس جہاز کی دو دو پروازیں شروع کرے گی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے کھل جانے اور ایک دوسرے کی فضائی حدود استعمال کرنے پر اتفاق ہونے کے بعد پی آئی اے سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کے لیے اپنی ان پروازوں کو بھی دوبارہ شروع کررہا ہے جنھیں دو سال پہلے اس پابندی کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||