BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 24 November, 2003, 18:42 GMT 23:42 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اسلام آباد: عید سے محروم شہر

عید
عید جیسے تہواروں پر اسلام آباد میں ویرانی جشن مناتی ہے

پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد، جو اپنے نام ہی سے ’ آباد‘ یا زندگی سے بھرپور اور روشنیوں کا شہر معلوم ہوتا ہے اور یقیناً کم و بیش دس لاکھ کے لگ بھگ کی آبادی کا یہ شہر کسی حد تک آباد بھی ہے اور زندگی سے بھرپور بھی لیکن جب ہر جگہ مسرت خوشی ہوتی ہے یہ اس زندگی اور گہما گہمی سے محروم ہو جاتا ہے۔

عام دنوں میں تو یہ شہر آباد بھی ہوتا ہے اور یہاں زندگی کی لہر بھی نظر آتی ہےمگر عید کی چھٹیوں کے دنوں میں ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے یہاں باقی سب کچھ تو ہے’مکان، دکانیں اور خوبصورت گھر‘ لیکن یہاں کے مکین شاید کہیں چلے گئے ہیں۔

عام دنوں میں بھی اسلام آباد کے دفاتر میں کام کرنے والے اکثر لوگ جڑواں شہر راولپنڈی اور دوسرے قریبی علاقوں سے یہاں آتے ہیں اور شام کو اسے خیر باد کہہ کر چلے جاتے ہیں اور یوں تقریباً آدھا شہر تو ہر رات خالی ہو جاتاہے۔

عید وہ موقع ہے جب یہ شہر آباد کم اورغیرآباد زیادہ لگتا ہے۔ جو لوگ یہاں برسوں سے رہ رہے ہیں اور ان کے ذاتی رہائشی مکان بھی ہیں ان میں سے بھی اکثر اس شہر کو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں شاید اس شہر کی قسمت ہی ایسی ہے کہ یہاں زیادہ تر لوگ اپنے کام ہی سے یہاں آتے ہیں اور اسے آباد کرتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عید پر جانے والے اسے اطلاع دے کر جائیں تا کہ وہ حفاظتی انتظام کر سکے

محمد سلمان جو تیل کے ذخائر تلاش کرنے والی ایک بین الاقوامی کمپنی میں ملازمت کرتےہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے دس سال سے یہاں اسلام آباد میں رہ رہے ہیں مگر ہر عید کے موقع پر وہ اپنے آبائی گاؤں چلے جاتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ جو مزا اپنے سارے خاندان اور علاقے کے لوگوں کے ساتھ عیدگزارنے میں ہے وہ یہاں نہیں ہے۔ ہمارے چھوٹے سے علاقے میں عید کی بھرپور تیاریاں کی جاتی ہیں بازاروں میں رونق ہوتی ہے ہر شخص ایک دوسرے کے لئے محبت کا پیغام لئے نظر آتا ہے۔ جبکہ یہ تمام چیزیں یہاں نہیں ہیں۔

صولت جن کا اسلام آباد میں اپنا کاروبار ہے اور ذاتی گھر بھی، بتاتے ہیں کہ ان کا بچپن لاہور میں گزرا ہے لیکن اب وہ پچھلے بیس بائیس سالوں سے اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ اس تمام عرصے میں انہوں نےصرف ایک بار عید یہاں منائی۔

چھوٹی چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں بھی بند ہوتی ہیں

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں تقریباً تمام ریسٹورنٹ عید کے موقع پر بند اور پارک بھی سنسان ہوتے ہیں۔ یہاں اور کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں عید کے حوالے سے کوئی خاص پروگرام ہوتا ہو۔ ان تمام باتوں کی وجہ سے اب یہاں عید منانے کو جی نہیں چاہتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بچے بھی اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ انہیں عید اسلام آباد میں نہیں منانی۔ اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ ان کے اکثر کلاس فیلو بھی اپنے اپنے آبائی علاقوں کو چلے جاتے ہیں اور ایسی صورت حال میں وہ یہاں بے لطف اور بے مزہ عید نہیں گزارنا چاہتے۔

عید سے کچھ پہلے اسلام آباد کے بازار غیر معمولی طور پر بھرے ہوئے نظر آتے ہیں یہاں خریداری کرنے والوں میں صرف اسلام آباد ہی کے لوگ نہیں ہوتے بلکہ مضافات اور قریبی شہروں سے آنے والے لوگ بھی شامل ہوتے ہیں۔

انہی خریداروں میں گوجر خان کے کشور خان نے بتایا کہ وہ ہر سال عید کی خریداری کے لئے اسلام آباد ہی آتے ہیں۔ تین برس قبل وہ اپنے بچوں کو ساتھ لے کر عید کے موقع پر اسلام آباد آئے تو یہاں ہر طرف ویرانی کا راج تھا ریسٹورنٹ بھی بند تھے اور کچھ کھائے پیے بغیر ہی انہیں لوٹنا پڑا۔ اور واپسی پر انہوں نے راولپنڈی جا کر کھانا کھایا۔ اس کے بعد وہ کبھی بھی عید کے دوران اسلام آباد نہیں آئے۔

ایسے مواقع پر اسلام آباد کا ایک خاص مسئلے سکیورٹی ہوتا ہے کیونکہ اس طرح طرح لوگوں کے بڑی تعداد میں چلے جانے سے اکثر مکان خالی ہو جاتے ہیں اور انتظامیہ، خاص طور پر پولیس کے لئے اس صورت حال سے نبردآزما ہونا ایک بہت بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے افسر تعلقاتِ عامہ وسیم رضا نے بتایا کہ تمام گھروں میں پمفلٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں جن پر دیگر تجاویز کے ساتھ ساتھ یہ بھی درج ہے کہ اگر تمام گھر والے عید منانے کے لئے کسی دوسرے شہرجارہے ہیں تو اپنے قریبی پولیس سیٹشن کو اطلاع دے کر جائیں تاکہ اس سیکٹر کی پولیس اس بات سے باخبر ہو اور پہلے ہی سے مناسب حفاظتی اقدام کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کے عملے کی چھٹیاں عید کے بعد تک منسوح کر دی گئی ہیں اور سکیورٹی نفری کی کمی کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے بھی کچھ پولیس فورس منگوائی جا رہی ہے۔

عید پر اسلام آباد کی ویرانی کا ایک منظر

اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کے ایک مکین محمد عزیز سے جب پوچھا گیا کہ عید کے دنوں میں راولپنڈی میں کیسے حالات ہوتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے بازاروں اور محلوں میں عید کے دوران عوامی ماحول ہوتا ہے جبکہ گھروں میں بھی خوب رونق ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بھائی اور دوسرے رشتے دار جو راولپنڈی میں نہیں رہتے عید کے موقع پر یہاں آتے ہیں اور ہمارے ساتھ مل کر عید مناتے ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد