| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں مزید تین تنظیمیں کالعدم
پاکستانی حکومت نے شدت پسندی کے خلاف تازہ آپریشن میں جمعرات کو مزید تین مذہبی تنظیموں کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کے مطابق ان تین جماعتوں میں جمیعتِ فرقان، حزب التحریر اور جمیعت الانصار شامل ہیں۔ جمیعت الفرقان ، کالعدم تنظیم جیش محمد کا حصہ بتائی جاتی ہے اور یہ تنظیم الفرقان کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔ جمیعت الفرقان کے رہنما عبدالجبار پر الزام ہے کہ سن دو ہزار دو میں امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قتل میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہیں اسی سال جون میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کا یہ اقدام انسداد دہشتگردی کے قوانیں کے تحت کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی تین جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا تھا جن میں خدام الاسلام اور کشمیر میں متحرک دو تنظیمیں شامل ہیں جبکہ کشمیر ہی میں سرگرم ایک اور تنظیم جماعت الدعویٰ کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ پاکستان کے وزیرِ داخلہ فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ حکومت اس دفعہ زیادہ گرفتاریاں کرنے کے بجائے ان سے مالی ضمانت طلب کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتا یا ہے کہ مرکزی بینک کو ان تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اسلام آ باد میں امریکی سفارتخانے کے ایک ترجمان نے پاکستانی حکام کے ان اقدامات کی تعریف کی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||