| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’پاکستان سرحد پر حفاظت بڑھائے‘
افغانستان کے لئے امریکہ کے نئے سفیر زلمے خلیلزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو دونوں ممالک کے بیچ سرحد پر حفاظت بڑھانا ہوگی۔ امریکی سفیر نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی طرف سے مزید تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ طالبان عناصر سرحد پار سے افغانستان پر حملے کرتے ہیں۔ زلمے خلیلزاد نے کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی حکومت القاعدہ کے اراکین کو گرفتار کرنے اور پاکستان میں شدت پسندی پر قابو پانے میں بہت مددگار رہی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس سلسلے میں مزید فعال کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ طالبان پاکستان کے سرحدی علاقوں میں موجود ہیں جہاں سے وہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں ایک بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا امریکہ اس مقصد سے پاکستان کو امداد بھی دے گا تو انہوں نے کہا کہ امداد تو دے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ کس قسم کی امداد ہوگی۔ خلیلزاد نے بتایا کہ امریکی حکام چاہتے ہیں کہ عام افغانیوں کو اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے ان دیگر رہنماؤں کی تلاش پر مامور کیا جائے جو سرحد کے پہاڑی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||