| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مکان گرنے سے پانچ خواتین ہلاک
منگل کی صبح پنجاب کے شہر ساہیوال کے قریب ایک قصبہ عارف والا میں ایک رسم قل کے موقع پر تین منزلہ عمارت گرنے سے پانچ خواتین ہلاک اور ایک سو سے زیادہ زخمی ہوگئیں جن میں پینتیس کے قریب ہڈیاں ٹوٹنے سے شدید زخمی ہیں۔ عارف والا میں ایک مقامی اخبار نویس عتیق احمد خان نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد سات ہے۔ تاہم ایک پولیس افسر نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ عارف والا سول ہسپتال کے ایک اہلکار کامران اصغر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقعہ صبح آٹھ بجے کے قریب اندرون شہر رمضان ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ذوالفقار کھاد والے کے گودام کے اوپر واقع دو منزلہ مکان میں رہنے والے ایک شخص شریف کی سوئم کی رسم ادا کی جارہی تھی جس کا تعلق آرائیں برادری سے تھا۔ مقامی افراد کے مطابق قرآن خوانی کے لیے میزبان اور مہمان مرد حضرات قریبی مسجد میں اور عورتیں مکان کے ہال میں جمع تھیں۔ لیکن مکان کی کمزور چھت دو سو کے قریب عورتوں کا وزن نہ برداشت نہ کرسکی اور اس کے گر جانے سے سول ہسپتال کے اہلکار کے مطابق دو عورتیں موقع پر ہلاک ہوگئیں جبکہ دیگر تین نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑا۔ عارف والا ہسپتال میں ایک سو دو خواتین لائی گئیں جن کے علاج کے لیے اردگرد کے ہسپتالو ں کے عملے کو بھی بلا لیا گیا۔ عارف والا کے ایک رہائشی امین نے بتایا کہ ہسپتال کے برآمدے میں بڑی تعداد میں زخمی جمع ہیں اور شہر کے لوگوں نے زخمیوں کے لیے بڑی تعداد میں خون دیا ہے۔ سول ہسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث متعدد زخمیوں کو نجی ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ سول ہسپتال کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ پینتیس کے قریب خواتین کی کولہے اور یڑھ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں اور انہیں بہاولپور، لاہور اور ملتان کے ہسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ جن خواتین کی ہلاکت کی تصدیق ہوسکی ہے ان کی شناخت شیداں بی بی ، نوراں بی بی ، رشیداں بی بی اور غفورہ احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ شہر میں سوگ کی فضا ہے اور شہر کا بڑا بازار غلہ منڈی بند کردیا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||