| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاک بنگلہ دیش آزاد تجارت مذاکرات
پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دو روزہ مذاکرات ڈھاکہ میں شروع ہو گئے ہیں۔ ہندوستان اور سری لنکا کے بعد پاکستان تیسرا ملک ہے جس کے ساتھ بنگلہ دیش نے آزادانہ تجارت پر معاہدے کے سلسلے میں بات چیت کا آغاز کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ بات چیت میں بنگلہ دیشی وفد کی قیادت وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکرٹری الیاس احمد کر رہے جبکہ پاکستانی وفد کے سربراہ پاکستانی وزارت تجارت کے اعلیٰ اہلکار جعفر اقبال قادر ہیں۔ پہلے روز کے اختتام پر فریقین نے بات چیت کے دوران ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستانی وفد کے ساتھ بھی انہیں نکات پر بات چیت کر رہا ہے جن پر اس نے ہندوستان اور سری لنکا سے کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خطہ کا سب سے کم ترقی یافتہ ملک ہونے کی بنا پر بنگلہ دیش پاکستان سے مختلف رعایتوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سلسلہ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مذاکرات نسبتاً کم پیچیدہ ہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی تجارت کا حجم بہت کم ہے۔ گزشتہ سال کے دوران بنگلہ دیش نے پاکستان سے چھ کروڑ تہتر لاکھ ڈالر کی مالیت کا سامان درآمد کیا جبکہ بنگلہ دیش سے پاکستان کو برآمد کا حجم دو کروڑ چھیاسی لاکھ ڈالر رہا۔ بنگلہ دیش پاکستان کو پٹ سن اور چائے برآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے کپڑا، کپڑے کی مصنوعات، سبزیاں، پھل اور ڈبے میں بند خوراک بنگلہ دیش بھیجی جاتی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||