| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی وزیرستان: بارہ قیدی فرار
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں حکام کا کہنا ہے کہ مقامی حوالات سے اتوار کی صبح کم از کم گیارہ قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ نیم خودمختار قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حوالات سے بھاگنے کا یہ واقعہ اتوار کے روز صبح سحری کے وقت پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق مقامی خاصہ دار پولیس کا ایک سپاہی حوالات میں قیدیوں کے لئے کھانا لے کر گیا کہ انہوں نے اس پر قابو پا لیا اور اس سے چابیاں چھین لیں۔ قیدیوں نے بھاگنے کی کوشش کی تو دیگر خاصہ داروں نے انہیں روکا لیکن قیدیوں نے ان سے اسلحہ چھین لیا اور اس کے زور پر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ مقامی انتظامیہ نے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لئے کاروائی شروع کر دی ہے البتہ آخری اطلاعات کے مطابق انہیں کامیابی نہیں ہوئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قیدی چوری اور ڈکیتی جیسے چھوٹی موٹے جرائم میں ملوث تھے اور خطرناک نہیں تھے۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ فرار ہونے والوں میں گذشتہ دنوں القاعدہ کے مشتبہ ارکان کو پناہ دینے والے قبائلی بھی شامل تھے۔ قبائلی حکام نے اس واقعے میں ملوث خاصہ دار اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||