BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 05 November, 2003, 17:24 GMT 22:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شہباز سپریم کورٹ چلے گئے

شہباز شریف
شہباز شریف دسمبر سنہ دو ہزار میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب جلاوطن کردیے گئے تھے

سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے بدھ کے روز ملک واپس آنے کے لیے سپریم کورٹ میں دو الگ الگ درخوستیں داخل کرادی ہیں۔

شہباز شریف دسمبر سنہ دو ہزار میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب جلاوطن کردیے گئے تھے اور آجکل برطانیہ میں مقیم ہیں۔

اس سال لاہور میں ایک انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت نے انھیں ایک مقدمہ قتل میں مفرور قرار دیا تھا جس کے خلاف اپیل کو لاہور ہائی کورٹ نے ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

آج شہباز شریف کے وکیل اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) ملک قیوم نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ انھوں نے سپریم کورٹ میں دو درخواستیں داخل کرائی ہیں جن میں سے ایک لاہور ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف اپیل ہے جس میں شہباز شریف کو مفرور قرار دے کر ان کی خصوصی عدالت کے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دے دی گئی تھی۔

ملک قیوم نے بتایا کہ اس اپیل میں انھوں نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ مفرور وہ شحص ہوتا ہے جو اپنی مرضی سے ملک سے باہر رہے جبکہ شہباز شریف ملک میں واپس آنا چاہتے ہیں اور عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔ انھوں نے عدالت عظمیٰ سے کہا ہے کہ وہ ان کے ملک آنے کی تاریخ مقرر کرے اور حکومت کو ہدایت کرے کہ وہ ان کو واپس آنے سے نہ روکے۔

ملک قیوم نے بتایا کہ ایک دوسری آئینی درخواست بنیادی اور انسانی حقوق کے حوالے سے سپریم کورٹ کے اس خصوصی اختیار کے تحت دی گئی ہے جس کے مطابق عدالت عظمیٰ کسی مقدمہ کی براہ راست سماعت کرسکتی ہے جیسا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کی برطرفی کے خلاف مقدمہ کی سماعت براہ راست سپریم کورٹ میں کی گئی تھی۔

وکیل نے بتایا کہ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کے آئین اور قوانین اور انسانی حقوق کے کنوینشنوں میں لکھا ہے کہ کوئی شہری چاہے وہ ظالم اور قاتل بھی ہو اسے اپنے ملک میں آنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ اس لیے شہباز شریف کو ملک آنے کی اجازت دی جائے۔

بنیادی انسانی حقوق کے تحت دائر کی گئی اس درخواست میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ ملک واپس آکر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں جو ان کا آئینی حق ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد