BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 04 November, 2003, 17:17 GMT 22:17 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
آلودہ ساحل کھل گیا

کراچی کا ساحل
لوگ رات کو بھی ساحل پر موجود

بظاہر یہ بات ناقابل یقین لگتی ہے کہ ایک طرف تو کراچی کے ساحل پر ہزاروں ٹن تیل بہہ جانے سے پھیلنے والی ماحولیاتی تباہی کا جائزہ لینے اور اس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی وزارت سائنس نے تینتیس ملین روپے کے بجٹ سے دو سالہ منصوبہ پر کام شروع کیا ہے، اور ادھر کراچی کی مقبول ترین ساحلی تفریح گاہ سی ویو کسی اجازت کے بغیر عوام کے لیے کھل چکی ہے۔

سرکاری پابندی کے باوجود تیل سے آلودہ کلفٹن کے ساحل پر غیر ملکی اور ملکی ریستوران پورے زور و شور سے کاروبار کر رہے ہیں اور ہر روز ہزاروں شہری آلودہ ریت پر گھومتے نظر آتے ہیں۔

گزشتہ اگست میں صدر پرویز مشرف نے بحری جہاز تسمان سپرٹ کے حادثے کے بعد، جس میں ہزاروں ٹن تیل کراچی کے ساحل پر بہہ گیا تھا، سندھ کے چیف سیکٹری متوکل قاضی کی سربراہی میں ہنگامی بنیادوں پر ایک کمیٹی قائم کی تھی۔

کراچی کا ساحل
ساحل کی طرف واپسی کی تشہیر

اس کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کا ساحل اس وقت کھولا جائے گا جب اس بات کا حتمی طور پر یقین ہو جائے گا کہ آلودگی کا کوئی خطرہ باقی نہیں رہا ہے۔

تاہم اس کمیٹی کی جانب سے کسی فیصلے کا انتظار کیے بغیر، ساحل پر قائم مشہور غیرملکی اور ملکی ریستورانوں نے کاروبار کا آغاز کر دیا۔ ایک ریستوران نے تو ’ساحل کی طرف واپس چلو‘ کے عنوان سے تشہیری مہم بھی چلائی جس کے بڑے بڑے بورڈ مرکزی شاہراہوں پر نصب کیے گئے۔

کلفٹن کے سی ویو ساحل پر، جو ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تمام دکانیں اور ریستوران لوگوں سے بھرے نظر آتے ہیں۔ ہر شب سینکڑوں گاڑیوں میں ہزاروں لوگ تفریح کے لیے پہنچتے ہیں۔ اختتام ہفتہ اور چھٹی کے دنوں میں تو ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے۔

کراچی کا ساحل
’سمندر میں داخل نہ ہوں‘ کا بورڈ

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے ساحل پر نصب وہ طاقتور، نئی روشنیاں بھی کھول دی ہیں جن کی وجہ سے سارا ساحل منور ہو جاتا ہے اور لوگ رات کے وقت بھی پانی میں جا سکتے ہیں۔

انتظامیہ نے لوگوں کو پانی میں جانے سے روکنے کی ایک بےحد رسمی کوشش کے طور پر ریت میں چند چھوٹے چھوٹے بورڈ نصب کر دیے ہیں جن پر لکھا ہے کہ سمندر میں جانا منع ہے کیونکہ سمندر کا پانی خطرناک اور بورڈ کی تحریر کے مطابق ’ملاوٹ شدہ‘ ہے۔

کراچی کے دورے پر آئے ہوئے امریکی پروفیسر اور ماہر ماحولیات رچرڈ سٹائنر کا کہنا ہے کہ کراچی کو بحری جہاز تسمان سپرٹ کے حادثے سے پیدا ہونے والے سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا کئی برس تک کرنا ہو گا۔

 انتظامیہ نے لوگوں کو پانی میں جانے سے روکنے کے لیے ریت میں چند چھوٹے بورڈ نصب کیے ہیں جن پر لکھا ہے کہ سمندر میں جانا منع ہے کیونکہ سمندر کا پانی خطرناک اور بورڈ کی تحریر کے مطابق ’ملاوٹ شدہ‘ ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ فضائی سپرے کے ذریعے تیل کو سمندر میں بٹھانے کی کوشش ضرور کی گئی ہے لیکن یہ تیل کئی سال تک ساحل پر آتا رہے گا اور آبی حیات، ماحول اور عوام کے لیے سنگین خطرہ بنا رہے گا۔

پاکستان کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اس ہفتے تیل بہہ جانے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور اس پر قابو پانے کی کوشش کرنے کے لیے تینتیس ملین روپے سے دو سالہ منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

اس منصوبے میں اوشنوگرافی کا قومی ادارہ، پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق اور مرکز برائے مالیکولر جینیٹکس کے ماہرین کام کریں گے۔

کلفٹن کے ساحل کی آلودہ ریت کو چند ہفتے قبل تھیلوں میں بھر کر یہاں سے منتقل کرنے کا کام بھی شروع کیا گیا تھا۔ یہ آلودہ ریت کراچی کے مضافات میں واقع سرجانی ٹاؤن کے نزدیک ایک ’لینڈ فِل سائٹ‘ پہنچائی گئی تھی۔

سرکاری طور پر کہا گیا تھا کہ یہ تھیلے اس علاقے میں ان مخصوص ساخت کے گڑھوں میں دفن کیے جائیں گے جو سندھ کا ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ کھود کر تیار کرے گا۔ تاہم آلودہ ریت کے سینکڑوں تھیلے دفن کرنے کے بجائے اس علاقے میں لے جا کر پھینک دیے گئے۔ سرجانی ٹاؤن کے مکین اس پر متعدد احتجاجی مظاہرے کر چکے ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد