| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ: فوجی ورکشاپ پرحملہ
کوئٹہ کی چھاؤنی کے علاقے میں فوج کی گاڑیوں کی ورکشاپ کے قریب دو راکٹ گرے ہیں جس سے ایک شخص زخمی ہوا ہے یہ راکٹ شہر کے جنوب سے نامعلوم افراد نے فائر کیے ہیں۔ سنیچر کو رات ساڑھے نو بجے کے قریب دو راکٹ کوئٹہ کی چھاونی کے علاقے میں فوج کی گاڑیوں کی ورکشاپ کے قریب گرے ہیں۔ راکٹ گرنے سے زبردست دھماکے ہوئے ہیں جن کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ان دھماکوں میں ایک شخص شمعون مسیح زخمی ہوگیا ہے۔ ضلعی ناظم کوئٹہ رحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ یہ راکٹ جنوب سے پہاڑوں سے داغا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور لیویز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اتنے اقدامات کے باوجود راکٹ کیسے فائر کیے گئے ہیں تو انہوں نے کہا ہے کہ ملزمان کہیں سے بھی راکٹ فائر کر سکتے ہیں یہاں تک کہ اپنے گھروں سے بھی راکٹ داغ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل انسپکٹر جنرل پولیس شعیب سڈل نے بی بی سی سے کہا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور یہ کہ بم دھماکے اور راکٹ فائرنگ کے واقعات سیاسی مقاصد کے لیے کیے جا رہے ہیں اور ان پر بھی جلد ہی قابو پا لیا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||