| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبران کے لیےخصوصی پلیٹس
آج پنجاب اسمبلی میں حکمران جماعت مسلم لیگ(ق) اور اس کے اتحادیوں نے ارکان صوبائی اسمبلی کے لیے گاڑیوں پر سرکاری رجسٹریشن پلیٹ لگانے کا قانون منظور کرایا جس پر حزب اختلاف نے تنقید کرتے ہوۓ کہا ہے کہ اس سے وی آئی پی کلچر کو فروغ ملے گا۔ آج پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کے استحقاق سے متعلق قانون میں ترمیم منظور کی جس کے تحت تمام ارکان صوبائی اسمبلی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑی پر سرکاری رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگانے کے اہل ہوں گے۔ اس قانون کے مطابق پنجاب اسمبلی کا سیکریٹیریٹ ارکان اسمبلی کو گاڑی کے لیے نمبر پلیٹ اور اس کو ڈھانپنے کے لیے ایک علاف فراہم کرے گا۔ یہ سرکاری نمبر پلیٹ ایک مخصوص گاڑی پر استعمال کی جا سکے گی جس کا رجسٹریشن نمبر رکن اسمبلی کے سیکریٹیریٹ میں جمع کرانے کا پابند ہوگا۔ اس قانون کے مطابق کوئی رکن اسمبلی سرکاری نمبر پلیٹ اس صورت میں استعمال کرسکے گا جب وہ خود گاڑی میں سفر کررہا ہوگا بصورت دیگر سرکاری نمبر پلیٹ کو جیکٹ سے ڈھانپ کر رکھا جاۓ گا۔ اسمبلی کا سیکریٹیریٹ سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی چوری ہونے یا حادثہ میں تباہ ہونے کی صورت میں اس پلیٹ کی نقل متعلقہ رکن اسمبلی کو فراہم کرے گا۔ سرکاری نمبر پلیٹ کے غلط استعمال کی صورت میں اسمبلی کا اسپیکر اس بات کا مجاز ہوگا کہ وہ متعلقہ رکن سے سرکاری نمبر پلیٹ واپس لے لے۔ رکن اسمبلی اپنی مدت کے خاتمہ یا کسی ایسی صورت میں کہ وہ رکن نہ رہے تین روز کے اندر یہ سرکاری پلیٹ واپس کرنے کا پابند ہوگا۔ حکومت کی طرف سے پیش گیے اس بل کی متحدہ مجلس عمل کے ارکان نے شدید مخالفت کی اور کہا کہ اس قانون کو بنانے سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ وی آئی پی کلچر کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ قانون سازی ایک مذاق ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||