’پاکستان پر میرا بھی اتنا ہی حق ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہباز شریف سنیچر کے روز مانچسٹر میں لیگی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔ یہ اجتماع مانچسٹر سٹی سینٹر کے سنچری ہال میں سہ پہر پانچ بجے ہو رہا ہے۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ جلسے کے دوران ملک میں جمہویت اور آمریت کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا جلسے کے دوران وہ پاکستان جانے کا اعلان کریں گے یا نہیں تو ان کا جواب تھا کہ ’پاکستان میرا بھی اتنا ہی وطن ہے جتنا کہ جنرل مشرف یا میرے کسی سیاسی مخالف کا اور اس اعتبار سے پاکستان جانے کے لیے مجھے کوئی اعلان کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پاکستان پر میرا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں جعلی جمہوریت کا راج ہے اور اسے بدلنے کے لیے ہم بھرپور تگ و دو کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے‘۔ شہباز شریف نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ اس بات میں کوئی عار نہیں اگر نواز شریف، بے نظیر بھٹو اور وہ خود اکٹھے پاکستان جاتے ہیں۔
تقریب کے منتظمین کے مطابق میاں شہباز شریف کے علاوہ سابق وزیر تجارت اسحاق ڈار، سابق وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل چوہدری نثار علی خان اور سابق وزیر نجکاری خواجہ آصف بھی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ کے ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف تقریباً ایک ماہ قبل نیویارک سے لندن پہنچے تھے اور میاں خاندان کی جلا وطنی کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ میاں خاندان کا کوئی رہنما عوامی اجتماع سے خطاب کرے گا۔ اگرچہ حسن نواز اور اسحاق ڈار لندن کی گرین سٹریٹ میں ایک جلسے سے خطاب کر چکے ہیں لیکن میاں شہباز شریف نے اب تک کسی عوامی جلسے میں شرکت نہیں کی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق میاں شہباز شریف مانچسٹر کے اجتماع میں اپنی وطن واپسی یا مسلم لیگ نواز کے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں کوئی اہم اعلان کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں میاں شہباز شریف کی طرف سے پاکستان کی مختلف عدالتوں میں دائر کردہ درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے اور اس طرح کسی آئینی تحفظ کے ان کی تحت وطن واپسی کے تمام راستے پہلے ہی بند ہو چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||